’’ جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو مہم‘‘20 فروری سے 25 فروری تک جاری رہے گی

جمعہ 17 فروری 2017 16:32

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کا شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہم 20فروری سے شروع ہو گی ۔زرعی ترجمان کے مطابق فصلات میں جڑی بوٹیوں کی وجہ سے مجموعی پیداوار میں 30تا 40فی صد کمی واقع ہو جاتی ہے اس لیے ان جڑی بوٹیوں کا انسداد ضروری ہے۔اس حوالے سے کاشتکاروں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے محکمہ زراعت نے’’جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو‘‘ کے عنوان سے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔

ترجمان نے بتایاکہ جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے گائوں کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جن میں نمبردار، پٹواری، محکمہ زراعت کے ملازمین اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹیاں کسانوں کے ساتھ مل کر جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے میں معاونت کریں گی۔ اس کے علاوہ سماجی بہبود کے اداروں سے مل کر ان جڑی بوٹیوں کے نقصانات بارے کسانوں کو آگاہی فراہمی کی جائے گی۔

محکمہ زراعت سکولوں، کالجوں، دفاتر، سرکاری و نجی مقامات پر ان مہم کے بارے آگاہی فراہم کرے گا جبکہ تحصیل کی سطح پر واک کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان جڑی بوٹیوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے مختلف سیمینارز کے انعقاد کے ذریعے کسانوں کوآگاہی فراہم کی جائے گی۔ ’’ جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو مہم‘‘20 فروری سے 25 فروری تک جاری رہے گی۔