ْلوک میلہ پنجاب کے ثقافتی ورثے کو روشناس کرانے میں حکومتِ پنجاب کا ایک اہم قدم ثابت ہوگا

رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کا راولپنڈی آرٹس کونسل میں تین روزہ پنجاب لوک میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا،وحید مراد لوک رقص پارٹی نے لوک رقص ،گڑیا پاکستانی نے ڈھول پرخصوصی پرفارمنس پیش کی

جمعہ 17 فروری 2017 16:29

ْلوک میلہ پنجاب کے ثقافتی ورثے کو روشناس کرانے میں حکومتِ پنجاب کا ..
اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب لوک میلہ کے انعقاد سے پنجاب کے ثقافتی ورثے کی ترویج ہوگی جہاں شائقین کوپنجابی ثقافت کے رنگ نظرآئیں گے۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں تین روزہ پنجاب لوک میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ امید ہے کہ یہ میلہ پنجاب کے ثقافتی ورثے کولوگوں میں روشناس کرانے کے ضمن میں حکومتِ پنجاب کا ایک اہم قدم ثابت ہوگا جس میں جڑواں شہروں کے لوگوں کونہ صرف اپنی ثقافتی روایات نظرآئیںگی بلکہ ان کو ماہر دستکاروں کی تیارکردہ مصنوعات دیکھنے اور معیاری تفریحی کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میلہ راولپنڈی آرٹس کونسل کا ثقافتی میدان میں ایک خوش آئند قدم ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی آرٹس کونسل میں تین روزہ پنجاب لوک میلہ کی افتتاحی تقریب میں پنجاب کے مایہ ناز فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب سمیت میئر راولپنڈی سردارنسیم، ایم پی اے راجہ حنیف ایڈوکیٹ، ایم پی اے لبنیٰ پیزادہ، ایم پی اے زیب النساء اعوان، سینئر رہنماء پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹرجمال ناصر، ناہید منظور اور ریذیڈنٹ ڈائریکٹر وقار احمد شریک ہوئے۔

لوک فنکاروں میں قربان نیازی، فضل جٹ، طاہر نیئر، منصور مغل، گل محمد، سائیں امجد، سائیں مشتاق نے روائتی لوک گائیکی کے ذریعے شرکاء پر سحر طاری کر دیا۔ وحید مراد لوک رقص پارٹی نے لوک رقص پیش کیا جبکہ گڑیا پاکستانی نے ڈھول پرخصوصی پرفارمنس پیش کی۔ افتتاحی تقریب سے میئر راولپنڈی سردار نسیم خان سمیت ایم پی اے راجہ حنیف ایڈوکیٹ، ایم پی اے لبنیٰ پیرزادہ، ایم پی اے زیب النساء اعوان، سینئر رہنماء پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹرجمال ناصر، ناہید منظور اور ریذیڈنٹ ڈائریکٹر وقار احمد نے بھی خطاب کیا۔