بی ایم جی،کراچی چیمبر کی جانب سے درگاہ شہباز قلندر پرخودکش حملے کی شدید مذمت

جمعہ 17 فروری 2017 16:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) بزنس مین گروپ ( بی ایم جی )کی قیادت اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) کے عہدیداران نے پاکستان کے مختلف حصوں میں یکایک دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیوہن میں درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں 70 سے ذائدافراد جاں بحق ہوئے جبکہ 300کے قریب زخمی ہوئے۔

ایک بیان میں چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی، وائس چیئرمینز بی ایم جی و سابق صدور کے سی سی آئی طاہر خالق،زبیر موتی والا،ہارون فاروقی،انجم نثار، کے سی سی آئی کے صدرشمیم احمد فرپو،سینئر نائب صدرآصف نثار، نائب صدر محمدیونس سومرونے آرمی چیف کی جانب سے پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا فوراًً بدلہ لینے کے عزم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ایسے ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے جو پاکستان میں امن و استحکام کو برباد کرنے کے ذمے دار ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایسے دہشت گردوں کا کوئی دین ایمان نہیں اور یہ نہ صرف ملک کے بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں جنہیں کسی بھی قیمت نہ چھوڑا جائے اور انہیں انتہائی سخت اور مثالی سزا ملنی دی جائے۔بی ایم جی کے رہنمائوں اور کے سی سی آئی کے عہدیداران نے سوگوار خاندانوں سے دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی جو گزشتہ روز کے جان لیوا خود کش حملے میں شدید زخمی ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کی پوری تاجرو صنعتکار برادری دل کی گہرائیوں سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میںسیوہن اور سندھ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے معصوم لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی مقامات بشمول درگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں اورمختلف مذاہب کے مقدس مقامات پر سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات عمل میں لائیں اور اس قسم کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے جوپاکستان میں امن و سکون کو برباد کرنے کے لئے کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :