خیبرپختونخوا سپر لیگ ایج گروپ سکواش مقابلے اختتام پذیر

جمعہ 17 فروری 2017 15:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) شیراز اکبر نے ٹاپ سیڈ حمام احمد کو ایک زبردست مقابلے کے بعد تین دو سے شکست دیکر خیبرپختونخوا سپر لیگ ایج گروپ سکواش چیمپئن شپ کے انڈرالیون کیٹگری میں کامیابی حاصل کی ۔فائنل 48 منٹ تک جاری رہا اورشیراز اکبر اور حمام احمد نے ایک دوسرے کے خلاف بہت خوبصورت کھیل کا مظاہرہ کیا۔ شیراز اکبر کو پہلے دو سیٹ میں کامیابی ملی جس کا سکور چودہ بارہ اور تیرہ گیارہ تھا۔

دو گیمز حسارے کے بائوجود حمام احمد نے ہمت نہیں ہاری اور تیسرے گیم میں دس بارہ اور چوتھے گیم میں گیارہ تیرہ سے کامیابی حاصل کی ۔ سکور دو دو سیٹ کے بعد پانچویں گیم میں ایک سخت مقابلے کے بعد شیراز اکبر نے سولہ چودہ سے کامیابی حاصل کی ۔اور تماشائیوں سے بھرپور داد حاصل کی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل انڈر13 کے فائنل میں محمد حمزا نے ٹاپ سیڈ ولید خلیل کو سٹریٹ سیٹ میں شکست دی سکور یہ رہا گیارہ چھ ، گیارہ سات اور گیارہ پانچ، انڈر15 کے فائنل میں انٹر نیشنل اسد الله نے نورزمان کو ایک سخت مقابلے کے بعد تین دو سے شکست دی ۔

سکور یہ رہا سات گیارہ ، گیارہ نو،چھ گیارہ ، گیارہ آٹھ اور بارہ دس، اس موقع پر ممبر کانگر س پاکستان ہاکی فیڈریشن و سیکرٹری خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن سیدظاہر شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر سابق ورلڈ چیمپئن قمرزمان چیف ریفری منورزمان ، ایگزیکٹوممبر وزیر زادہ ، انٹر نیشنل کوچ ضیاء الرحمان بنوری سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔ قمرزمان نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کافی متحریک ایسوسی ایشن ہے اورسال میں بائیس سے تئیس ٹورنامنٹ کا انعقاد یقیناً خوش آئند ہے جس سے کھلاڑیوں کو کافی فائدہ پہنچتا ہے اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کیلئے کیش انعامات کا بھی اعلان کیا۔