انڈر23 خیبرپختونخوا گیمزبنوں ریجن میں مردوں کے مقابلے اختتام پذیر

ڈسٹرکٹ بنوں نے 130 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، لکی نے 95 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی

جمعہ 17 فروری 2017 15:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) دوسری انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں بنوں ریجن میں مردوں کے مقابلے اختتام پذیر،ڈسٹرکٹ بنوں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پندرہ میں سے گیارہ گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے 130 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ لکی مروت چار گیمز جیت کر 95 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی ۔

اس موقع پرایڈیشنل کمشنربنوں دولت خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ حاجی میر زاکم خان ، ڈائریکٹر آپریشن خیبرپختونخوا سپورٹس بورڈ طارق محمود، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و آرگنائزنگ سیکرٹری سید ثقلین شاہ، ڈی ایس او نوشہرہ ذاکر خان ، ڈی ایس او بنوں حبیب الله، ڈی ایس او لکی امیر زاہد شاہ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں بنوں ریجن میں مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے گزشتہ روز اختتام پذیر ہوئے جس میں بنوں نے کے کھلاڑیوں مختلف گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے میلہ لوٹ لیا۔

لکی نے جوڈو ، کراٹے ، ٹیبل ٹینس اور رسہ کشی گیمز میں ٹرافی اپنے نام کی ۔ جوڈو میں لکی نے چھ گولڈ دو سلور میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ ٹیبل ٹینس میں دو کے مقابلے تین سیٹ سے فائنل اپنے نام کی ۔ کراٹے میں 7 گولڈ ، تین سلور میڈلز جیت کر 85 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ بنوں نے 65 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی ۔ والی بال میچ میں بنوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 25-17,21-25,25-22,21-25 اور25-23 سے ٹرافی حاصل کی ۔

کبڈی میں بنوں نے لکی کو 23 کے مقابلے 35 پوائنٹس سے شکست دی ،جمناسٹک میں بنوں نے 165 پوائنٹس کے ساتھ ٹرافی پر قبضہ جمایا،باسکٹ بال میں بنوں نے 18 کے مقابلے 68 پوائنس حاصل کئے ۔فٹبال میں بنوں نے لکی کو ایک کے مقابلے تین گول سے شکست دی ۔اسی طرح بیڈمنٹن ، سکواش ،ہاکی ، ایتھلیٹکس اور لان ٹینس میں بھی بنوں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے لکی کو شکست دیکر 130 پوائنٹس کے ساتھ اوور آل پہلی پوزیشن حاصل کی ۔

گیمز دو دن تک جاری رہے جس میں پانچ سو سے زائد کھلاڑیوں نے پندرہ مختلف گیمز ، فٹبال ، ہاکی ، جوڈو ، کراٹے ، ٹیبل ٹینس ، رسہ کشی ، بیڈمنٹن ، سکواش، والی بال ،باکسنگ، ٹینس، کبڈی، ریسلنگ، جمناسٹک اور ایتھلیٹکس میں حصہ لیا۔ واضح رہے کے اس سے قبل بنوں ریجن میں منعقدہ خواتین کے مقابلوں میں لکی مروت کی کھلاڑیوں نے اوور آل پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جنہوں نے تیرہ میں سے نو گیمز میں پہلی پوزیش حاصل کی جبکہ بنوں کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی ۔

متعلقہ عنوان :