نماز جمعہ کے اجتماعات کی سکیورٹی میں اضافہ کے باعث ایچ نائن اور بہارہ کہو میں ہفتہ وار بازار بند رہے

جمعہ 17 فروری 2017 15:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی ای) اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ہفتہ وار بازار ایچ نائن اور بہارہ کہو سکیورٹی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر جمعہ کو بند رہے۔ نیکٹا کی جانب سے سیکورٹی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر شہر کے مختلف مقامات پر سکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

نماز جمعہ کے اجتماعات کی سیکورٹی اور درگاہوں، درباروں اور مزاروں پر سکیورٹی میں اضافہ کے باعث جمعہ بازاروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کی روشنی میں ڈائریکٹر سکیورٹی کی طرف سے تمام متعلقہ سٹاف کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ ہفتہ وار بازاروں، ایچ نائن اور بہارہ کہو کو جمعہ کے روز بند رکھا جائے۔ بازار انتظامیہ کے مطابق جو ہدایات موصول ہوئیں، ان پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے تاہم دیگر بازار معمول کے مطابق لگیں گے۔