صدربار شبیر شریف ایڈووکیٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے نومنتخب عہدیداران کا اجلاس

جمعہ 17 فروری 2017 14:45

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے نومنتخب عہدیداران کا اجلاس زیر صدارت صدربار محمد شبیر شریف ایڈووکیٹ صدر دفتر میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نائب صدر محمد حلیم اعظم ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل چوہدری محمد مدثر اقبال ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکرٹری محمدسرفراز ایڈووکیٹ کے علاوہ ممبرا یگزیکٹو کمیٹی نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں نومنتخب صدر بار نے ڈسٹرکٹ بار کی سابقہ قرار دادوں کا جائزہ لیا ۔ صدر بار نے کہا کہ سابق صدر بار ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ کے دور میں ایم ڈی اے کی کرپشن کے خلاف متفقہ قرار داد منظور کی گئی تھی اس قرار داد کو نومنتخب عہدیداران قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں عہدیداران بار نے کہا کہ ایم ڈی اے کو بنیاد طور پر متاثرین منگلا ڈیم کی آباد کاری کیلئے قائم کیا گیا تھا لیکن ماضی کی حکومتوں کی سرپرستی میں ایم ڈی اے میں کرپشن کا بازار گرم ہے ماسٹر پلان کی تبدیلی ، سیکٹروں کے نقشوں میں ردو بدل ، غیر ریاستی افراد کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ ، الاٹیوں کی فائلوں کی گمشدگی ، ڈبل اکائونٹ ، تارکین وطن کے الاٹ شدہ پر جعلی اور ڈبل الاٹمنٹ ، الاٹیوں کو دانستہ غلط نشاندہی دیگر رقم بٹورنا ، لینٹ آفیسران کو رشوت کے طورپر پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر شدید تنقید کی ۔

(جاری ہے)

ادارہ کی کرپشن کی وجہ سے حکومت کو آرڈیننس جاری کرتے ہوئے الگ عدالت قائم کرنا پڑی نومنتخب صدر بار نے کہا کہ چیئرمین ایم ڈی اے ادارہ میں دس سال قبل ہونے والی الاٹمنٹ کی تفصیل بار کو مہیا کی جائے ۔ صدر بار نے وزیراعظم آزاد حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایم ڈی اے میں پچھلے دس سالوں سے ہونے والی کرپشن کیخلاف انکوائری کرائیں اور ذمہ داران کا تعین کیاجائے اور میرپور کے لوگوں کے تحفظ کی یقین دھانی کرائی جائے ۔

اجلاس میں علامہ تصور نقوی پر قاتلانہ حملہ کی پر زور مذمت کی اور پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے پاکستان غیر مستحکم اور بے یقینی کی فضاء قائم کرنے والے عناصر کو بے نقاب کیاجائے بے گناہ اور معصوم لوگوں کو شہادت پر بھی افسوس کااظہار کیا۔ سیکورٹی ایجنسی پاکستان کے خلاف مذموم مقاصد رکھنے والے عناصر کی سرکوبی کیلئے کردار ادا کرنے پر ڈسٹرکٹ بار میرپور اپنے تعاون کا یقین دلاتی ہے ۔ آخر میں شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔