سرگودھا چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام میڈ ان سرگودھا نمائش مارچ میں منعقد ہو گی

جمعہ 17 فروری 2017 14:41

سرگودھا۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) سرگودھا چیمبر آف کامرس کے زیرِ اہتمام میڈ ان سرگودھا نمائش مارچ کے آخر میں منعقد کی جائیگی ۔جس میں ملک بھر کے تمام چیمبر آف کامرس کے عہدیداران اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر کے صدر سینئر نائب صدر کے علاوہ تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں کو اس نمائش میں مدعو کیا جائیگا، یہ بات سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری قیصر اقبال نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ میڈ ان سرگودھا نمائش سرگودھا کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کریگا۔ اس نمائش میں سرگودھا کی بیکو لائٹ‘ کنو‘ پنکھا سازی سمیت ہینڈ کرافٹ اور دیگر مصنوعات کی نمائش کی جائیگی ،جبکہ دوران نمائش مختلف اقسام کے پروگرام عوام کی دلچسپی کیلئے رکھے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں ڈرائی پورٹ کے حوالہ سے جلد اہل سرگودھا کو خوشخبری دینگے۔

اسی طرح سرگودھا چیمبر آف کامرس کی ذاتی عمارت کے حصول کو بھی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرلئے گئے ہیں اور آئندہ سال سرگودھا چیمبر آف کامرس کی اپنی عمارت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا چیمبر آف کامرس نے انڈونیشیاء،ایران اور دیگر ممالک میں کنو کی ایکسپورٹ کیلئے دو ماہ کی بجائے چار ماہ ایکسپورٹ جاری رکھنے کیلئے مذاکرات کے بعد منظوری لے لی ہے جو سرگودھا چیمبر آف کامرس کی بڑی کامیابی ہے۔ اس سے کنو کے کاشتکاروں کو فائدہ ہوگا اور سرگودھا کا کنو دیگر ممالک کو بھیجنے میں مدد ملے گی۔