پوری قوم کو متحد ہوکر بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے،ذکیہ شاہنواز

جمعہ 17 فروری 2017 14:41

پوری قوم کو متحد ہوکر بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ..
لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)صوبائی وزیر بہبودآبادی بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ پوری قوم کو متحد ہوکر جنگی بنیادوں پر بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے تاہم تمام سٹیک ہولڈر ز اورپڑھے لکھے باشعور افراد انفرادی واجتماعی سطح پر اپنے حلقہ احباب کو بڑھتی ہوئی آبادی سے جنم لینے والی ملک کو درپیش معاشرتی اوراقتصادی مشکلات سے آگاہی دیں ، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے جمعہ کو یہاں اپنے دفترمیں سول سوسائٹی کے نمائندگان کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو ترقی پسند سوچ کا حامل ہونے کی ضرورت ہے اور ایسا تب ہوسکتا ہے جب ہم یہ سمجھ لیں کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی رفتار ہمارے وسائل کی ترقی سے مطابقت نہیںرکھتی ،یہی وجہ ہے کہ آبادی میں اضافے کے باعث پیدا ہونے والے خوراک ،صحت ،صفائی اور تعلیم جیسے بڑے ایشوزکوحل کرنے کے لیے موجودہ حکومت شبانہ روزسرگرداںہے ،ابھی چند روز قبل ہی عوام الناس کے لیے محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے عوامی فلاح اور فیملی پلاننگ سے متعلق مفت مشورہ اور معلومات فراہم کرنے کے لیے فری ہیلپ لائن کا آغاز کیا گیا ہے، بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ پنجاب بھرمیں پاپولیشن ویلفیئر کے تمام اداروں کی باقاعدگی اور کارکردگی کی آن لائن چیکنگ کاعمل جاری ہے، انہوں نے کہا کہ آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے محکمہ بہبودآبادی کی جاری آگاہی مہم میں مزید تیزی لائی جارہی ہے اور ہرسطح پر تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو حالیہ تقا ضوں کے مطابق متوازن بنانے کی جدوجہد جاری ہے۔