آزا د ریاست میں مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال

مرکزی جمعیت اہل حدیث آزاد کشمیر کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور الجوادی پر قاتلانہ حملے کے بعد اعلی سطحی وفد لے کر اہل تشیع سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کیلئے فقہ جعفریہ کے قائد و سینئر ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید کفایت حسین نقوی کے گھر پہنچ گئے

جمعہ 17 فروری 2017 14:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) آزا د ریاست میں مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال،مرکزی جمعیت اہل حدیث آزاد جموںو کشمیر کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور الجوادی پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد مرکزی جمعیت اہل حدیث کا اعلی سطحی وفد لے کر اہل تشیع سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کے لیے فقہ جعفریہ کے قائد و سینئر ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید کفایت حسین نقوی کے گھر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث آزاد جموں و کشمیر کا اعلی سطحی وفد دانیال شھاب مدنی کی قیادت میں مرکزی امام بارگا ہ پیر علم شاہ بخاری سے متصل واقع علامہ سید کفات حسین نقوی کی رہائش گا ہ گیا،جہاں فقہ جعفریہ آزاد کشمیر کے قائد علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی و فقہ جعفریہ آزاد کشمیر کے صدر سید شبیر حسین بخاری سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

مرکزی جمعیت اہل حدیث کے وفد میں مرکزی جمعیت اہل حدیث آزاد جموں وکشمیر کے ناظم اعلی دانیال شہاب کے ہمراہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سرپرست محی الدین اثری،علمائو مشائخ کونسل آزادحکومت ریاست جموںو کشمیر کے ممبر و رئیس جامعہ محمدیہ مولانازاہد الاسلام اثری،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے رہنما و شیخ الحدیث مولانا عصمت اللہ عاصم،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکزی نائب ناظم تبلیغ مولانا فضل الرحمن،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکزی نائب ناظم مالیات ممتاز مغل و دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث آزاد جموں وکشمیر کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی نے کہا کہ ریاست میں اس وقت مذہبی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ علمی اختلافات کو مذہبی فرقہ واریت کا رنگ نہیںدیا جا سکتا۔ تمام مسالک پر لازم ہے کہ وہ اک دوسرے کے فکری نظریات اور اکابرین کا احترام کریں۔ معاشرے میں پھیلنے والی بدامنی کی بنیادی وجہ عدم برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی مذمت کرنا ،اسلام کا پیغام ہے اور دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانا، یہ جہاد ہے۔ انہوںنے وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور الجوادی پر ہونے والے قاتلانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سرپرست محی الدین اثری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی مذہبی رہنما پر ہونے والی دہشت گردی کا یہ ہونے والا غیر معمولی واقع ہے۔

اس واقع میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنا اشد ضروری ہے ،نہیں تو آزاد کشمیر میں دشمن افراتفری پیدا کرسکتے ہیں۔مرکزی جمعیت اہل حدیث فقہ جعفریہ کے ساتھ اس موقع پر مکمل ہمدردی و یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔ فقہ جعفریہ کے قائد و سینئر ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید کفایت حسین نقوی اور فقہ جعفریہ آزاد کشمیر کے صدر سید شبیر حسین بخاری نے مرکزی جمعیت اہل حدیث آزاد کشمیر کے ناظم اعلی دانیال شھاب مدنی ،محی الدین اثری وان کے ہمراہ آنے والے ارکین وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مذہبی ہم آہنگی کی بنیاد مولانا محمد یونس اثریؒ نے رکھی اور اس ہم آہنگی کو پروفیسر شھاب الدین مدنیؒ نے نہایت خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں فرقہ وایت کے خاتمہ کے سلسلہ میں تمام مذہبی قوتوں کا بہترین کردار ہے ۔ فقہ جعفریہ کسی کو بھی مذہبی آڑ میں ریاست کا ماحول خراب نہیں کرنے دے گی ۔ حکومت آزاد کشمیر سے علامہ تصور الجوادی پر ہونے والے قاتلانہ حملہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :