کچن گارڈننگ کے فروغ سے تازہ اور زہروں سے پاک آرگینک سبزیوں کاحصول یقینی بنایاجاسکتاہے، ماہرین زراعت

جمعہ 17 فروری 2017 14:13

فیصل آباد۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) کچن گارڈننگ کے فروغ سے تازہ اور زہروں سے پاک آرگینک سبزیوں کاحصول یقینی بنایاجاسکتاہے جبکہ شہری گھر میںزمین موجود نہ ہونے پر مختلف طرح کے کنٹینرز میںبھی گھریلو سبزیاں کاشت کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں مختلف سائز کے مٹی کے بنے ہوئے گملے، پلاسٹک کے ٹب، ٹوکریاں، لکڑی کے کریٹ، شاپر بیگ، کھاد والے تھیلے، پلاسٹک اور لوہے کے ڈرم، پُرانے ٹائر وغیرہ بھی گھریلو سطح پر سبزیوں کی کاشت کیلئے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

ماہرین زراعت نے بتایاکہ اگرگھریلو سطح پر کم سے کم جگہ کو استعمال میں لانا ہو تو اس میں بہترین چیزلونگ وال جو کہ سیمنٹ سے بنی ہوئی ہوتی ہے اور اس میں دونوں طرف سبزیاں لگائی جاتی ہیں اور لوہے یا لکڑی کے اسٹینڈ پر کئی گملے رکھے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گھر میں سبزیاں اگانے کیلئے کسی، کھرپا، کھرپی، درانتی، قینچی، ڈوری، کلیاں (لکڑی یا لوہے کی) پیمائش کیلئے فیتہ، جندرہ، فوارہ ہاتھ والا یا پریشر سے چلنے والا، ہاتھ والی اسپرے مشین، بوائی والی ڈرل، ٹوکری، پانی ناپنے والا سلنڈر، سیبا و نیٹ، بانس یا پائپ، لوہے کی تار وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ گھریلو سطح پر سبزی کاشت کرنے کیلئے عموماً ایک سے پانچ مرلہ جگہ درکار ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ بینگن، ٹماٹر، پیاز، بند گوبھی، پھول گوبھی، بروکلی، گلی سڑی کھاد، کمپوسٹ، پریس مڈ، بھل کا حصول بھی ایک ماہ پہلے کر لینا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ موسم گرما کی بیلوں والی سبزیات کو بانسوں اور سیبوں/نیٹ کی مدد سے اُوپر چڑھایا جائے یا بانسوں کی مدد سے چڑھایا جائے تا کہ ہوا کا گزر ہو تاہم اسے بالکل دیوار کے ساتھ نہ چڑھایاجائے ۔

انہوںنے کہاکہ جب سبزیاں اُگ آئیں تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان میں نمی سوکھنے نہ پائے اور نہ ہی بہت زیادہ پانی دیا جائے کیونکہ اس سے مختلف قسم کی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ شہری کنٹینرزمیں اُگائی گئی سبزیوں کو ایسی جگہ رکھیں جہاں کم از کم 6 سی8گھنٹے دھوپ لگے اور یہ دیوار سے کم ازکم ایک فٹ ہٹ کر ہو ۔