کاشتکاروں کوفروری کے آخر تک بہاریہ مکئی کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 17 فروری 2017 14:13

فیصل آباد۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) موسم بہار اور خریف میں بہاریہ مکئی کی کاشت سے غلہ دار اجناس کی پیداوارمیں خاطر خواہ اضافہ کیاجاسکتاہے جبکہ بہاریہ موسم میں مکئی کی ترقی دادہ سنتھیٹک اور دوغلی اقسام کااگلی فصل کیلئے شاندار بیج آسانی سے تیار کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے لہٰذا کاشتکارفروری کے آخر تک بہاریہ مکئی کی کاشت مکمل کرلیں تاکہ انہیں اچھی پیداوارکاحصول یقینی ہوسکے۔

ماہرین زراعت نے بتایاکہ مکئی کی کاشت کیلئے بھاری میرازمین کاانتخاب کیاجائے جو پانی بخوبی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوںنے کہاکہ اگر ڈرل یا پلانٹر کے ساتھ ہموار کھیت میں فصل کاشت کرنی ہو توکاشتکار 12 سے 15 کلو گرام فی ایکڑ بیج استعمال کرکے اسی وتر میں کریںاور اگر وٹوںپر کاشت کرنی ہو تو پھر ٹریکٹر کے ساتھ وٹیں بناکر 8 سے 10 کلو گرام بیج کا ایک ایک دانہ مناسب فاصلہ پر لگاکر پانی لگا ئیں لیکن پہلا پانی لگانے میں احتیاط کریں کہ پانی زیادہ اونچا وٹوں پر نہ چڑھ جائے ورنہ اگائو متاثر ہوگا یا پھر وٹوں کو پانی لگا کر مکئی کے بیج کا ایک ایک دانہ پانی کی ریز پر لگا ئیں اس طرح بیج کا اگائو بہترین ہوگا اور فصل سے مطلوبہ پیداوار حاصل ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ مکئی کی کا شت کے لیے بھاری میرا زمین جو پا نی کو بخوبی جذب کرسکے اور اس کی پی ایچ 7.5 کے قریب ہو، نہا یت موزو ں ہے۔انہوںنے کہاکہ مکئی کی اچھی پیداوار لینے کے لیے کھیت کی سطح ہموار ہونا بہت ضروری ہے تاکہ پانی ایک جیسا لگے چونکہ اس موسم میں زیادہ تر مکئی وٹوں پر کاشت کی جاتی ہے اس لیے اگر کھیت ہموار نہیں ہوگا تو پانی لگانے سے کہیں تو پانی وٹوں کے اوپر چڑھ جائے گا اور کہیں نیچے رہ جائے گا جس سے نہ صر ف اگائو متاثر ہوگا بلکہ بعد میں بڑھوتری بھی متاثر ہوگی۔