کاشتکار کپاس ، مکئی ، سورج مکھی ، سویا بین کی کاشت کیلئے جدید پلانٹرززرعی ترقیاتی بینک کی وساطت سے حاصل کرسکتے ہیں ، زرعی ترقیاتی بینک

جمعہ 17 فروری 2017 14:11

فیصل آباد۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ پاکستان کپاس ، مکئی، سورج مکھی ، سویا بین کی جدید طریقے سے کاشت کیلئے بین الاقوامی معیار اور بہترین سائنسی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ جدید پلانٹر ز کی خرید کیلئے کاشتکاروں و کسانوں کوآسان شرائط پر قرضے فراہم کررہاہے جبکہ مذکورہ پلانٹر کی مقامی سطح پر تیاری کیلئے بھی بھر پور معاونت فراہم کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

بینک کے ذرائع نے بتایا کہ یہ پلانٹر 50سے 60 ہارس پاور کے ٹریکٹر کے ساتھ ایک گھنٹہ میں 2ایکڑ سے زائد رقبہ میںبیج بونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوںنے بتا یا کہ مذکورہ فصلات کی بجائی ، قطاروں میں بوائی ، کھاد ڈالنے ، قطاروں کا درمیانی فاصلہ سیٹ کرنے ، بیج کی مطلوبہ گہرائی پر کاشت ، فصل کی گوڈی ، کرم کش ادویات کے سپرے میں بھی یہ پلانٹر انتہائی اہم کردار کا حامل ہے ۔انہوںنے کہا کہ پلانٹر کے استعمال سے فی ایکڑ 15سے 20فیصد زائد پیداوار بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے خواہش مند کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ جدید پلانٹر کے حصول کیلئے فوری زرعی بینک کی قریبی شاخ سے رابطہ کریں۔