ٹماٹر کی بہتر پیداوار کے لئے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ، ماہرین جامعہ زرعیہ کی ہدایت

جمعہ 17 فروری 2017 14:11

فیصل آباد۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے ٹماٹرکے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹماٹر کی بہتر پیداوارحاصل کرنے کیلئے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں فصل کو نقصان پہنچنے کی صورت میں انہیں کسی پریشانی یا مالی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ٹماٹر کی فصل پر ضررر ساں کیڑوں کا حملہ ہو سکتاہے اور یہ ضرر رساں کیڑے ٹماٹر کی فصل پر اگائو سے لے کر پھل کے پکنے تک کے تمام مراحل میں کسی بھی وقت حملہ آور ہو کر ٹماٹر کے پودوں اور پھل کو سخت نقصان پہنچاسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چور کیڑے کی سنڈی اگتے ہوئے پودوں کو رات کے وقت سطح زمین کے قریب سے کاٹ دیتی ہے اور دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چور کیڑے کی سنڈی کے نقصان کو کم کرنے کیلئے تازہ کٹے ہوئے پودوں کے قریب زمین میں سے سنڈیاں تلاش کرکے تلف کر دینی چاہئیں۔ انہوںنے کہاکہ سیون 350 گرام فی ایکڑ کے حساب سے راکھ میں ملا کر پودوں کے گرد بکھیرنے سے بھی فصل کو نقصان سے بچایاجا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ امریکن سنڈی ٹماٹر کے پھل میں داخل ہو کر اسے کھا لیتی ہے جس سے پھل قابل استعمال نہیں رہتا۔

انہوںنے کہاکہ امریکن سنڈی کے پروانوں کو روشنی کے پھندوں سے تلف کیاجاسکتاہے۔انہوںنے بتایاکہ چست تیلا بھی ٹماٹر کے پتوں کی نچلی سطح سے رس چوس کر پودے کو کمزور کردیتا ہے جس سے انتہائی کم پھل لگتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پھل کے گڑوئے ٹماٹر کے کچے اور پکے پھل پر حملہ آور ہوتے ہیں لہٰذا ان سے بچائو بھی اشدضروری ہے۔