معروف قوال بدر میانداد کا 55واں یوم پیدائش جمعہ کو منایاگیا

جمعہ 17 فروری 2017 14:11

معروف قوال بدر میانداد کا 55واں یوم پیدائش جمعہ کو منایاگیا
فیصل آباد۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) فن گائیکی میں دنیا بھر میں منفرد مقام رکھنے والے استاد نصرت فتح علی خان مرحوم کے ماموں زاد بھائی اور میانداد قوال کے صاحبزادے و شیر میانداد قوال کے بھائی بدر میانداد قوال کا 55واں یوم ولادت جمعہ کو منایاگیا۔ بدر میانداد قوال 17 فروری 1962ء کو پاکپتن میں پیدا ہوئے جہاں ان کے والدین نے قیام پاکستان کے بعد ہجرت کر کے رہائش اختیار کی تھی۔

ان کا گھرانہ کئی سو سالوں سے فن موسیقی سے وابستہ تھا۔ بدر میانداد قوال نے ریڈیو پاکستان ملتان سے ابتدائی طور پر گائیکی کا آغاز کیا۔ انہوں نے 45سال کی مختصر عمر میں بے پناہ شہرت حاصل کی جبکہ ان کے 150سے زیادہ البمز نے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک بھی دھوم مچائے رکھی۔

(جاری ہے)

بدر میانداد کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ بہت سی بھارتی فلموں کیلئے بھی منتخب کئے گئے ان کے گانوں نے عالمی شہرت کی بلندیوں کو چھوا ۔

بدر میانداد جن کے البمز امریکہ ، برطانیہ ، کینڈا ، بھارت اور یورپ میں بھی ریلیز ہو چکے ہیں نے 27 برس تک فن قوالی میں نام پیدا کئے رکھا۔ بدر میانداد قوال عارضہ قلب اور اعصابی امراض میں مبتلا ہو نے کے بعد 2مارچ 2007ء کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے تھے۔مرحوم کی سالگرہ کے موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیاگیا جس میں فن قوالی کیلئے بد ر میانداد کی طویل خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔