روڈز اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز کی 3 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے 12ارب 5 کروڑ 72 لاکھ27 ہزار روپے کی منظوری

جمعہ 17 فروری 2017 13:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2016-17 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 54 ویں اجلاس میں روڈز اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز کی کل 3 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 12ارب 5 کروڑ 72 لاکھ27 ہزار روپے کی منظوری دے دی ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی پنجاب محمد جہانزیب خان نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی ساہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی ورکنگ پارٹی کے 54 ویں اجلاس میں جن 3 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں روڈ زسیکٹر کی سکیم ’’ضلع جہلم میں دینہ کے مقام پر جی ٹی روڈ کے اوپر فلائی اوور کی تعمیر کل لمبائی 1.47 کلومیٹر کیلئے 2 ارب 5 کروڑ 40 لاکھ 87 ہزار روپے، ضلع راولپنڈی تحصیل ٹیکسلا میں موٹر وے انٹر چینج جنگ بہتار سے لے کر واہ تک لمبائی 3 کلومیٹر سڑک کو دو رویہ کرنے کیلئے 44 کروڑ 64 لاکھ 57 ہزار روپے ‘‘اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی سکیم ’’ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں لیسکو پاور سپلائی انٹر فیس اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے 9 ارب 55 کروڑ 66 لاکھ 83 ہزار روپے شامل ہیں۔