گیل نے مصباح ویونس کو ینگسٹرز کیلئے مثال قرار دیدیا

پاکستان سپر لیگ کو عروج تک لانے کیلئے وقت دینا ہوگا ،ْ انٹرویو

جمعہ 17 فروری 2017 13:14

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) کرس گیل نے سپر فٹ مصباح الحق اور یونس خان کونوجوان کرکٹرز کیلیے مثال قرار دیدیا۔ایک انٹرویو میں جارح مزاج کیریبیئن بیٹسمین نے کہا کہ جسم ساتھ دے تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی، 37 سال کا ہو چکا مگر مزید کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں تاہم الوداعی ٹیسٹ کھیلنے کی خواہش ہے ،ْپاکستان سپر لیگ کو عروج تک لانے کیلئے وقت دینا ہوگا۔

کرس گیل نے مصباح الحق کی فٹنس کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہاکہ سینئر بیٹسمین اب بھی جوان اور تازہ دم ہیں، پی ایس ایل کے دوران ایکشن میں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ڈھلتی عمر نے ان پر اثر نہیں کیا، یونس خان بھی سپر فٹ ہیں، یہ دونوں اسٹارز نوجوان کرکٹرز اور میرے لیے بھی ایک مثال ہیں۔جارح مزاج کیریبیئن بیٹسمین نے کہاکہ جسم ساتھ دے تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی،میں خود بھی 37سال کا ہو چکا اور مزید کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں،کوشش کروں گا کہ 2برس تک مزید میدانوں میں نظر آؤں، الوداعی ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش ہے تاہم لیگز میں پرستاروں کو تفریح فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

کرس گیل نے پاکستان سپر لیگ کو ایک اچھی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی دوسرا ایڈیشن ہے، اس طرح کے ایونٹ بڑے اسٹارز سے مزین ہوں تو شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، ٹی وی رائٹس کے ذریعے آمدنی بھی بڑھتی ہے، پی ایس ایل درست سمت میں گامزن ہے لیکن اس کو عروج تک لانے کیلئے وقت دینا ہوگا جبکہ آئی پی ایل بھی راتوں رات مقبولیت کی منزلیں نہیں طے کرگئی تھی۔کیریبیئن بیٹسمین نے کہا کہ بعض حلقوں کی تنقید کے باوجود ٹی 20 کرکٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، کئی بڑے نام اسی فارمیٹ کی بدولت نظروں میں آنے کے بعد اب انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں۔