چین گندم کی زیادہ پیداوار والی قسم کی تیاری میں پاکستا ن کی مدد کررہا ہے

کرم کش اور کیمیاوی کھاد کے استعمال میں کمی کے طریقے کو بہتر بنانے پر کام ہورہا ہے نئے طریقہ کار سے گندم کی فصل میں 15فیصد اضافہ اور پانی کے استعمال میں 30سے 40فیصد کمی ہو جائے گی

جمعہ 17 فروری 2017 12:49

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) ایک سینئر چینی اہلکار نے جمعرات کو یہاں کہا کہ چین زرعی شعبے میں جاری اپنے دوطرفہ تعاون کے مطابق گندم کی فصل کی زیادہ پیداوار کو فر وغ دینے کیلئے پاکستان کی مدد جاری رکھے گا ۔ بیجنگ زرعی و جنگلات سائنسز اکادمی ملک کے مختلف علاقوں حتیٰ کہ پاکستان میں کیڑوں کے قدرتی دشمنوں کو چھوڑ کر کیمیاوی کھاد اور کرم کش کے استعمال میں کمی کرنے کے طریقوں کو بہتر بنا نے پر کام کررہی ہے ۔

اکادمی کے ایک محقق جانگ فینگ ٹنگ کے مطابق گندم کی فصل کی نئی اپنائی جانیوالی قسم سے پیداوار میں 15فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے اور معمول کے مقابلے میں 30سے 50فیصد پانی کی بچت ہو سکتی ہے ، یہ مختلف ماحول اور زمینی آلات میں قابل عمل ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں اس سے استفادہ کیا گیا ہے ، اکادمی زرعی تحقیق اور جدیدیت کو مستحکم بنانے کے لئے مختلف طریقے رائج کررہی ہے۔

(جاری ہے)

میونسپل زرعی کمیشن نے کہا کہ بیجنگ میں ایک سو سے زائد زرعی تحقیقی مرکز ہیں جنہوں نے صنعت اور جدیدیت کے درمیان بہتر ادغام کیلئے بیجنگ میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ جدید اتحاد قائم کئے ہیں ، یہ ’’ سمارٹ زراعت ‘‘ نیٹ ورک بھی قائم کررہا ہے جس میں مویشیوں کی افزائش ، پراڈکٹ پروسیسنگ اور ایکوا کلچر پر مشتمل کاشت کاروں کیلئے 10ہزار کورسز کا ملٹی میڈیا ڈیٹا بیس شامل ہے ، دارالحکومت میں ایک زرعی مانیٹرنگ سسٹم کی بدولت کاشتکاروں کو فصلوں کی آبپاشی اور زرخیزیت ، زمینی حالات اور آن لائن صلاح مشورے کے بارے میں معلومات بہم پہنچائی جائینگی۔

متعلقہ عنوان :