کاشتکاربہاریہ مکئی کی زیادہ پیداوار کیلئے پہلی آبپاشی بوائی کے وقت اور دوسری آبپاشی ایک ہفتہ کے بعد کریں، محکمہ زراعت

جمعہ 17 فروری 2017 12:40

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)بہاریہ مکئی کے کاشتکار زیادہ پیداوار کے حصول اور فصل کے بہتر اُگائو کیلئے پہلی آبپاشی بوائی کے وقت اور دوسری آبپاشی ایک ہفتہ کے بعد کریں۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق بہاریہ مکئی کو عام طور پر 10سے 12آبپاشیوں کی ضرورت ہوتی ہے جو موسم کے لحاظ سے شروع میں کم اور درجہ حرارت بڑھنے سے فصل کو زیادہ پانی لگانے کی صورت میں پوری ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

خاص طور پر پھول نکلتے وقت پانی کی کمی نہیں آنی چاہیے کیونکہ اس وقت نائٹروجن کھاد کی آخری قسط ڈالی جاتی ہے ۔ترجمان نے بتایا ہے کہ کمزور زمین میں تین بوری ڈی اے پی اور دو بوری پوٹاشیم سلفیٹ ، درمیانی ذرخیز زمین میں اڑھائی بوری ڈی اے پی ، ڈیڑھ بوری پوٹاشیم سلفیٹ اور آدھی بوری یوریا جبکہ ذرخیز زمین میں دو بوری ڈی اے پی ، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ اور آدھی بوری یوریا فی ایکڑ بوائی کے وقت ڈالیں۔ فصل کی اونچائی ایک فٹ ، اڑھائی سے تین فٹ ہونے پر اور پھول آنے سے قبل ایک ایک بوری یوریا فی ایکڑ ڈالیں۔