سویا بین کی کاشت رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیں،محکمہ زراعت

جمعہ 17 فروری 2017 12:39

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)کاشتکار سویا بین کی کاشت آخر فروری تک مکمل کریں۔ ترجمان کے مطابق سویا بین کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے بہتر روئیدگی والا منظور شدہ اقسام کا 45کلو گرام تک بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔منظورشدہ اقسام میں این اے آر سی 1، این اے آر سی 2، ایف ایس 95،ولیمز 82اور فیصل سویا بین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا ہے کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے کاشت سے لے کر برداشت تک کے عوامل کو مد نظر رکھنا ضروری ہے ۔سویا بین کے لیے میرا زمین بہتر ہے جس میں پانی کا نکاس اچھا ہو۔ زیادہ پیداوار کے لیے ہموار زمین میں دو یا تین بار ہل چلائیں اور اتنی ہی مرتبہ سہاگہ دیں جبکہ کاشت ہمیشہ صبح یا شام کے وقت تر وتر میں کریں۔ سویا بین کی کاشت خریف ڈرل یا پور سے کریں۔ قطاروں کا درمیانی فاصلہ ڈیڑھ سے 2فٹ رکھیں اور بیج ایک سے 2انچ گہرائی پر کاشت کریںجبکہ کاشت سے پہلے بیج کو کرم کش زہر اور جراثیمی ٹیکہ ضرور لگائیں۔