کیبل ٹی وی 3994 لائسنس جاری کئے گئے ، پیمرا نے چھ ماہ کے دوران بغیر لائسنس کے کام کرنے والے 112 کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کی ، 174 کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا ایوان بالا میں جواب

جمعہ 17 فروری 2017 12:24

کیبل ٹی وی 3994 لائسنس جاری کئے گئے ، پیمرا نے چھ ماہ کے دوران بغیر لائسنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں میں اب تک 3994 کیبل ٹی وی لائسنس جاری کئے گئے ہیں، پیمرا نے پچھلے چھ ماہ کے دوران بغیر لائسنس کے کام کرنے والے 112 کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کی ہے، 174 کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران چوہدری تنویر خان، طلحہ محمود، اعظم سواتی، جہانزیب جمالدینی اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 2591، سندھ میں 883، خیبر پختونخوا میں 206، بلوچستان میں 98، اسلام آباد میں 114 اور گلگت بلتستان میں 102 کیبل ٹی وی لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں 112 غیر قانونی کیبل ٹی وی نیٹ ورک کام کر رہے تھے جن کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

ان میں 97 پنجاب، 12 سندھ اور 3 خیبر پختونخوا میں تھے۔ پنجاب میں مختلف قسم کی خلاف ورزی کرنے پر 161، سندھ میں 5، بلوچستان میں 3 اور اسلام آباد میں 5 کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا نے غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ کے خلاف مہم شروع کی تو تقریباً 135 اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے۔ کیبل آپریٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس کا جواب دینے کا مناسب وقت فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی، پی آئی ڈی، انفارمیشن سروسز اکیڈمی، انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اور سائبر ونگ کا ہیومن ریسورس آڈٹ کیا جا رہا ہے جو مارچ، اپریل تک مکمل ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :