بھارت طاقت اور ظالمانہ پالیسیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق سلب کررہا ہے‘فاروق عبداللہ

بی جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط انتظامیہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل استعمال کررہی ہے آئین کی دفعہ 370جس کے تحت جموںوکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل ہے کو کمزور کرنا پی ڈی پی کی حکومت کی ترجیح ہے

جمعہ 17 فروری 2017 12:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ اور بھارت نواز نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں طاقت اور ظالمانہ پالیسیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے تمام آئینی اور جمہوری حقوق سلب کئے جارہے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ موجودہ کٹھ پتلی اتنظامیہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کو مسخ کرنے کی سازش کررہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس کایہ خدشہ درست ثابت ہورہا ہے کہ بی جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط انتظامیہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل استعمال کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ آئین کی دفعہ 370جس کے تحت جموںوکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل ہے کو کمزور کرنا پی ڈی پی کی حکومت کی ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

فاروق عبداللہ نے مقبوضہ کشمیرمیں قتل کے واقعات میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام کو پہلے ہی بے شمار مشکلات کا سامنا ہے اور اب انہیں مختلف حیلوں بہانوں سے پھر نشانہ بنایا جارہاہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ بھارت اورپاکستان کیلئے اہم وقت ہے کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کاپائیدار حل تلاش کریں۔ انہوںنے بھارت پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر گولیوں اور پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال ترک کرے کیونکہ اس سے وادی کشمیر کی ابتر صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :