راولپنڈی، اسلام آباد میں خودکش حملہ آور کے داخل ہونے کی اطلاعات، سیکورٹی ہائی الرٹ جاری

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعہ 17 فروری 2017 10:23

راولپنڈی، اسلام آباد میں خودکش حملہ آور کے داخل ہونے کی اطلاعات، سیکورٹی ..
اسلام آباد / راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 فروری 2017ء) : گذشتہ تین روز میں لاہور اور پشاور میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد ممکنہ دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق  نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ایک خودکش حملہ جس کا نام اُسامہ ولد علی محمد ہے کو جڑواں شہروں میں خودکش حملے کی کارروائی کیلئے روانہ کر دیا گیا ۔

اُسامہ اور اس کا بھائی پشاور میں پڑھتے تھے۔ کوئٹہ میں موجود شخص غزالی مبینہ طور پر ان کا سہولت کار ہے۔ اس لئے تمام اداروں کو تاکید کی جاتی ہے کہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے سے متعلق متعلقہ اداروں کو احکامات بھی جاری کر دئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ہائیکورٹ،ضلعی عدالتوں اور پولیس لائنز سمیت بےنظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سکیورٹی کو بھی مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب عدالتوں میں آنےوالےسائلین کی بھی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور دیگر سکیورٹی اداروں نے سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے راولپنڈی کے اطراف اورحساس مقامات پرپولیس کی اضافی نفری تعینات کردی ہے۔ جبکہ ٹرانسپورٹ کی جگہوں، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر بھی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔