ماحولیاتی تغیرات سے معیشت کو بھاری نقصان کے تدارک کیلئے عوام کی بھرپور شرکت ضروری ہے، ماہرین

جمعہ 17 فروری 2017 11:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کیلئے عوام کی شرکت ازحد ضروری ہے ۔ ماحولیاتی تغیرات کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو بھاری نقصان کا سامنا ہے جس کے تدارک کیلئے عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ سینٹر فار انوائرمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کے تجزیہ کار ناصر پنہور نے کہا ہے کہ سیلابوں ، سمندری طوفانوں، سونامی، خشک سالی اور گرمی کی شدت میں اضافہ وغیرہ بڑے موسمی تغیرات ہیں۔

انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں رہائش پذیر افراد پر زور دیا ہے کہ زندگی کو محفوظ تر بنانے اورموسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ عوام ہی قدرتی وسائل کے اصل مالک ہیں اور انہیں اپنی ذمہ داریوں اور موسمی تبدیلیوں سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں انہوں نے کہا کہ اب ملک میں صرف دو ہی موسم پائے جاتے ہیں جن میں سخت گرم اور سرد موسم شامل ہیں۔

قبل ازیں سردیاں وسط نومبرمیں شروع ہوتی تھیں لیکن اب جنوری میں سردی کا آغاز ہوتا ہے اسی طرح گرمی کی شدت میں اضافہ سے شہری علاقوں میں شرح اموات بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں سے زرعی پیداوار اور انسانی صحت متاثر ہورہی ہے جبکہ موسمی تغیرات کے باعث مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کو بھی 6فیصد کے نقصانات کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :