سپاٹ فکسنگ پر معطل کیے گئے کھلاڑیوں نے گھر والوں سے بات کرنے کا وقت مانگا تھا جو ختم ہوگیا، اب وہ باضابطہ بیان دیں گے،چیئرمین پی سی بی

جمعرات 16 فروری 2017 23:00

لاہور۔16 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ سپاٹ فکسنگ پر معطل کیے گئے کھلاڑیوں نے گھر والوں سے بات کرنے کا وقت مانگا تھا جو ختم ہوگیا، اب وہ باضابطہ بیان دیں گے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے دونوں پلیئرز سے اب تک غیر رسمی انداز میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

اب وہ جو کچھ بھی کہیں گے وہ آن ریکارڈ ہو گا اور اس کی ویڈیو بھی بنائی جائے گی،چاہتے ہیں کہ تمام قانونی امور مکمل ہوں ، اس کے بعد کرکٹرز کو چارج شیٹ جاری کر دی جائے گی۔ہوسکتا ہے کھلاڑی بعد میں عدالت چلے جائیں۔۔۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹر شرجیل خان اور خالد لطیف نے اپنے اہلخانہ سے مشاورت کر لی ہے بورڈ کھلاڑیوں کو صفائی کا پورا موقع دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی کی کرکٹ میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور اس پر سختی سے کاربند ہیں ۔شہریار خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کے معاملے کو محتاط انداز میں چلایا جارہا ہے، لیگل پروسیس کی تکمیل کیلئے ہر چیز ریکارڈ پر لائی جارہی ہے،معاملے کو واضح ہونے میں وقت لگے گا۔