سہیون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کی مزار پر دھماکہ کر کے دہشتگردوں نے پاکستانی عوام پر جنگ مسلط کرنے کا اعلان کیا ہے، راجہ ناصر عباس

حکومت ملک بھر میں کالعدم دہشتگرد جماعتوں اور ان کیسہولت کاروں کے کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کا اعلان کرے، سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم سہون شریف درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر ہونے خودکش دھماکے کیخلاف آج سندھ بھر میں پر امن ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں، ترجمان ایم ڈبلیو ایم

جمعرات 16 فروری 2017 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ حسن ظفر، علامہ احمد اقبال، علامہ مختار امامی، علامہ مقصود علی ڈومکی، یعقوب حسینی نے سہیون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کی مزار پر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے پاکستانی عوام پر جنگ مسلط کرنے کا اعلان کر دیا ہے، انہوں نے سانحہ سہون کے خلاف کل ملک گیر یوم سوگ اور سندھ بھر میں پُرامن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ صوفیوں اور اولیاء اللہ کی سرزمین کو خاک و خون میں نہلانے والے صفاک دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران دہشتگردوں کے سیاسی و مذہبی سرپرستوں کے دباوٴْ کو مسترد کرتے ہوئے اس ناسور کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کا اعلان کرے، نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو جاگنے کے لئے مزید کتنے معصوم پاکستانیوں کے خون درکار ہیں، حکمران،افواج پاکستان اور عوام مل کر ان درندہ صفت تکفیری دہشتگردوں کا مقابلہ کرے، ان دہشتگردوں کی سرپرستی سی پیک کے دشمن ممالک کر رہے ہیں، ہمیں اپنی ماضی کی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے،پاکستان کے مستقبل کا سوچنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کاروائیاں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خطرناک صورت اختیار کر چکی ہیں، ان تکفیری دہشتگرد گروہوں کا خاتمہ ملکی سلامتی و امن کے لیے انتہائی ضروری ہے، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کے محض بلند و بانگ دعووں سے نہیں ہو گا اس کے لیے سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم مذہبی جماعتوں اور سہولت کاروں کے لیے حکمران جماعت کا نرم گوشہ ملک میں دہشت گردی کا ایک واضح سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ کارروائی کو اگر عالمی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ پاک چائنا اقتصادی راہدری منصوبے کے خلاف بھی سازش ہے، امریکہ ،بھارت اور کچھ خلیجی ریاستیں پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں اور سی پیک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، پاکستان کے امن کو خراب کر کے پاکستان کو ایک غیر محفوظ ریاست ثابت کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، اس کوشش کو ناکام بنانے کا واحد حل دہشت گرد عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں کالعدم مذہبی جماعتوں کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے، رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔ مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کل ملکر گیر یوم سوگ اور سندھ بھر میں پُرامن ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جمعیت علمائے پاکستان، آل پاکستان سنی تحریک، پاکستان عوامی تحریک و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ایم ڈبلیو ایم کی پُرامن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی کے تحت درگاہ لعل شہباز قلندر پر ہونے والے خودکش دھماکے کیخلاف شاہرائے پاکستان انچولی پر احتجاج جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :