یو ایس ایڈ کے تعاون سے آباد لاکھا سکھر میں جدید سہولیات سے آراستہ گورنمنٹ ہائی اسکول کا افتتاح

جمعرات 16 فروری 2017 22:30

سکھر۔ 16فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) یو ایس ایڈ کے تعاون سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت سکھر کے علاقے آباد لاکھا میں جدید سہولیات سے آراستہ اپنی مثال آپ گورنمنٹ ہائی اسکول کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ نیوسکھر محمدیوسف شیخ نے کیا ۔ اس موقع پر مذکورہ اسکولکا انتظام ایجوکیشن مینجمنٹ آرگنائزیشن کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب سے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ نیو سکھر محمدیوسف شیخ نے کہا کہ اپنی نوعیت کا یہ تاریخی اسکول سکھر کے شہریوں کے لئے ایک بڑا تحفہ ہے جس میں سکھر کے شہریوں کے بچے بہتر تعلیم و تربیت حاصل کر کے تعلیمی میدان میں اپنا اور قوم کا نام روشن کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں حکومت سندھ کیجانب سے یو ایس ایڈ کی معاونت سے یہ تیسرا اسکول ہے جس کا افتتاح کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں آرائیں اور بیدل بیکس میں بھی ایسے شاہکار اسکول بچوں کو معیاری تعلیم اور تربیت فراہم کر رہے ہیں خصوصان لڑکیوں کی تعلیم پر مزید توجہ دے کر ان کی حاضری بڑھانے کے لئے اسکولوں میں جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ قبل ازیں سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے منیجر محبوب علی نائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈ تعلیم کے میدان میں حکومت سندھ کے ساتھ شانہ بشانہ ان پروگرامز پر عمل درآمد کرا رہی ہے ، جس کے تحت سندھ میں اس نوعیت کے 106اسکولوں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جس میں سے اس وقت 71اسکولوں کی تعمیر کا کام مختلف مراحل میں ہے ، جبکہ11اسکولوں کا کام مکمل ہے جن میں سے آج ساتواں اسکول ای ایم او کے حوالے کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے یو ایس ایڈ کی جانب سے 155ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ، جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے فرنیچر، کتابیں اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن زیب النساء منگی اور دیگر متعلقی محکموں اور اداروں کے افسران اور نمائندوں نے بھی شرکت کی ، تقریب کے دوران مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے تعلیم کے فروغ کیلئے ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :