وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر سندھ کی ملاقات،لاہور دھماکے کی مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اظہار افسوس

جمعرات 16 فروری 2017 23:52

وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر سندھ کی ملاقات،لاہور دھماکے کی مذمت، قیمتی ..
لاہور۔16 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں گورنر سندھ محمد زبیر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی صورتحال اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں گورنر سندھ محمد زبیر نے لاہور دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور ہم ان کے غم میںبرابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی پاکستان کا مقدر نہیں۔

(جاری ہے)

قائداعظمؒ کے پاکستان میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہو ںنے کہا کہ شہداء کا خون ہم پر قرض ہے اور یہ قرض دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل صفایا کرکے اتاریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اورملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب نے ملکرکام کرنا ہے ۔ اتحاد، اتفاق اور یگانگت سے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے چاروں صوبوں کو ایک ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔