Live Updates

اے این پی رہنما کرنل (ر) وزیر محمد خان کا سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

عمران خان پر یہودی ایجنٹ کا الزام لگانے والوں نے اپنے دور حکومت میں اسلام کی کسی قسم کی خدمت نہیں کی،اسد قیصر

جمعرات 16 فروری 2017 23:47

اے این پی رہنما کرنل (ر) وزیر محمد خان کا  سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2017ء) صوبائی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر ، ترجمان حکومت خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی اور وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے صوابی میں شمولیتی جلسہ میں شرکت کی جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما کرنل (ر) وزیر محمد خان نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے واضح کیا کہ عمران خان پر یہودی ایجنٹ کا الزام لگانے والوں نے اپنے دور حکومت میں اسلام کی کسی قسم کی خدمت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس نے صوبے میں سود کے خلاف قانون منظور کروایا اس کے علاوہ تعلیمی نصاب میں ختم نبوت شامل کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن مجید کا ناظرہ اور ترجمہ کو بھی نصاب کا مستقل حصہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم این اے عاقب اللہ خان صوابی کو گیس کی عدم فراہمی کے خلاف ’’ صوابی کو گیس دو ‘‘ کی مہم کا آغاز جمعہ کے روز کر رہے ہیں جس میں مرغز ، مینئی ، باچا ، گندف اور ٹوپی میں احتجاجی جلسے منعقد کرائے جائیں گے۔

اس موقع پر مشتاق احمد غنی نے اپنی تقریر میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے حکمران کہیں پر پانی کے پائپ پڑے نظر آئیں تو ان کا بھی افتتاح کر دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم نے گیس کا افتتاح کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ملک کی تاریخ رقم کر رہی ہے جس میں حکمرانی کے اقدار کو بدلا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مسلم لیگ(ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بھی چور ، ان کے بچے بھی چور اور تمام درباری بھی چور ہیں اور یہ راز پانامہ لیکس میں افشاں ہو چکا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر اسد قیصر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے واضح کیا کہ ضلع صوابی کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو اسد قیصر جیسا مخلص ، نڈر اور بہادر رہنما ملا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات