آفاق احمد کی لعل شہباز قلند ر کے مزار کے احاطے میں دھماکے کی مذمت

قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعرات 16 فروری 2017 23:46

آفاق احمد کی لعل شہباز قلند ر کے مزار کے احاطے میں دھماکے کی مذمت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2017ء) مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان ) کے چیئرمین آفاق احمد نے لعل شہباز قلند ر کے مزار کے احاطے میں ہونے والے دھماکے کہ شدید الفاظ میں مذمت اور قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے مذمتی بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ یکے بعد دیگرے پہلے لاہور پھر پشاور اور اب سہون شریف میں دھماکہ نے ثابت کردیا کہ دہشت گردوں کو نئی کمک مل چکی ہے ۔

آفاق احمد نے کہا کہ بحالی امن کے حوالے سے حکومتی دعوے سن سن کر کان پک گئے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ سڑک ہو یا بازار یا پھر کوئی مذہبی اجتماع یا مقام ،پاکستانی عوام کہیں بھی محفوظ نہیں ۔ آفاق احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں پر شک نہیں لیکن دہشت گردی کے مسلسل واقعات سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کہیں سقم موجود ہے جسے دور کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں ہونے والی دہشت گردی میں پڑوسی ملوث ہیں جنہیں شہہ حکومت کا نرم رویہ دے رہا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ دشمن سے اسی کی زبان میں بات کی جائے اور سہون دھماکہ جیسی بزدلانہ کاروائیوں میں ملوث عناصر اور انکے سہولت کاروں کو چن چن کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔متاثرین کے نام اپنے پیغام میں آفاق احمد نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم انکے ساتھ ہے ۔اللہ مرحومین کو جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اسکے علاوہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ #

متعلقہ عنوان :