فوجی عدالتوں کی توسیع کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے‘ملتان میں پیپلز پارٹی کا جلسہ دس مارچ کو ہی ہوگا ، عوام آج بھی پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہی ہے،پیپلزپارٹی کی حکومت آتی ہے تو ملک کا کسان خوشحال ہوجاتاہے،بلاول بھٹو اولیائے کرام کی سرزمین ملتان سے تحریک کا آغاز کریں گے

سابق وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی کی ملتان میں کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 فروری 2017 23:41

فوجی عدالتوں کی توسیع کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے‘ملتان ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء) سابق وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی توسیع کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے، جب تک ملک میں امن نہیں ہو گا ملک ترقی نہیں کر سکتا،ملتان میں پیپلز پارٹی کا جلسہ دس مارچ کو ہی ہوگا۔ عوام آج بھی پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہی ہے،پیپلزپارٹی کی حکومت آتی ہے تو ملک کا کسان خوشحال ہوجاتاہے،بلاول بھٹو اولیائے کرام کی سرزمین ملتان سے تحریک کا آغاز کریں گے،ملتان میں بلاول بھٹوزرداری کے جلسہ کے سلسلے میںپیپلز پارٹی کے رہنما ملک نسیم لابر کی رہائش گاہ پرکارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جب اقتدار میں تھی تو میاں نواز شریف اور عمران خان نے طالبان کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں ہماری تجویز کو مسترد کر دیا تھا لیکن آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد حکومت کو مجبوراً ملٹری آپریشن کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں حکومت کو بھرپور مینیڈیٹ دیا تھا،نواز حکومت نے جب طالبان سے مذاکرات شروع کئے تب بھی ہم نے خیر مقدم کیا اور تمام تر تحفظات کے باوجود پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام کو تسلیم کیا اور حکومت کا ساتھ دیا جہاں تک فوجی عدالتوں میں توسیع کا تعلق ہے تو حکومت کو چاہیے کہ وہ تما سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان وہ شہر ہے جہاں سے تحریکیں شروع ہوتی ہیں،20سال قبل محترمہ بے نظیربھٹوصاحبہ نے بھی ملتان میں جلسہ عام کیا تھا،امیدکرتا ہوں پارٹی کارکن جلسے کو کامیاب بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو 66.8فیصد یوتھ کی قیادت کرتے ہیںغریب عوام آج بلاول کی جانب دیکھ رہے ہیں،10مارچ کو بلاول بھٹو کا جلسہ قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں ہوگا،سینئروجونئیرکارکنان پیپلزپارٹی کے جلسے کو کامیاب کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تنظیم نوکاعمل جاری ہے،بلاول بھٹو ملتان میں کارکنوں کی مشاورت سے تنظیم نوکریں گے اور ضلعی تنظیموں کااعلان کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت کیلئے وفد نے انتظامیہ سے ملاقات کی تھی،جلسے کوسکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید صدیقی، خواجہ رضوان عالم ، حبیب اللہ شاکر، عثمان بھٹی، ایم سلیم راجہ ،نفیس انصاری،عابدہ بخاری، رانا دلمیر، ضیاء انصاری، اعجاز سومرو، مطلوب بخاری ودیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔قبل ازیں سابق وزیراعظم سے پیپلزلائرزفورم اور پنجاب پروفیسرزاینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی ملاقات کی اور 10مارچ کے جلسہ کے سلسلہ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔