ٹھیکیداری نظام سی ڈی اے محنت کشوں کا معاشی قتل ہے‘سینی ٹیشن کے شعبے کو ٹھیکیداری نظام کے تحت کرنے سے بے روزگاری میں اضافہ ہو گا

سی ڈی اے یونین کے عہدیداروں چوہدری محمد یٰسین ‘اورنگزیب خان اور دیگر کا ٹھیکیداری نظام کیخلاف اجتماع سے خطاب

جمعرات 16 فروری 2017 23:02

ٹھیکیداری نظام سی ڈی اے محنت کشوں کا معاشی قتل ہے‘سینی ٹیشن کے شعبے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء) سی ڈی اے انتظامیہ عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہی ہے کیونکہ سی ڈی اے کے ادارے ،ملازمین و اثاثوں کی تقسیم کے بارے میں سی ڈی اے مزدور یونین 09رٹ پیٹیشنز اعلیٰ عدالتوں میں دائر کر چکی ہے اور عدالت عالیہ نے کیس کی سماعت کے دوران یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ سی ڈی اے ملازمین کو انکی مرضی کے بغیر کسی دوسرے ادارے میں منتقل نہیں کیا جا سکتا ابھی جبکہ عدالت کا حتمی فیصلہ نہیں آیا اور کیس زیر سماعت ہے لیکن میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز اور سی ڈی اے انتظامیہ مسلسل ایسے احکامات جاری کر رہی ہے جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے جسکی تازہ مثال سی ڈی اے سینی ٹیشن کے شعبے کو مکمل طور پر ٹھیکیداری نظام کے ماتحت کرنے کی ہے جسکی وجہ سے سینی ٹیشن میں کام کرنے والی مسیحی برادری بڑی تعداد میں بے روزگار ہو جائے گی جیسا کہ ماضی میں بھی اسلام آباد کے چند سیکٹرز کو پرائیویٹ کرکے ٹھیکیداری نظام کے ماتحت کیا گیا جسکی وجہ سے نہ صرف بے روزگاری میں اضافہ ہوا بلکہ ان سیکٹرز میں صفائی کی صورتحال کافی بدتر ثابت ہوئی ،سی ڈی اے مزدور یونین اس ٹھیکیداری نظام کی بھرپور طریقے سے مخالفت کرتی ہے اور انتظامیہ کو یہ باور کرانا چاہتی ہے کہ سی ڈی اے کے مزدور کسی صورت بھی اس فیصلے کو قبول نہیں کریں گے ،ہم نے پہلے ہی میئر و چیئرمین سی ڈی اے کو سی ڈی اے ملازمین میں پائے جانے والے تحفظات و خدشات کے سلسلے میں پندرہ دن کا نوٹس دے رکھا ہے اور اگر سی ڈی اے انتظامیہ نے ہمارے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں کوئی عملی اقدامات نہ اٹھائے تو اپنی احتجاجی تحریک کو عملی شکل دیتے ہوئے نہ صرف سڑکوں پر آجائیں گے بلکہ ادارے و ملازمین کی بقاء کی خاطر کسی بھی آخر حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے ، ان خیالا ت کا اظہار سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدر اورنگزیب خان،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی و دیگر عہدیداران نے سینی ٹیشن کے شعبے کو ٹھیکیداری نظام کے ماتحت کرنے کے حوالے سے ملازمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

متعلقہ عنوان :