ملازمت سے قبل اور دوران ملازمت تربیتی کورسز نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں، ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ

جمعرات 16 فروری 2017 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ حاصل کیا گیا علم کبھی ضائع نہیں جاتا،ملازمت سے قبل اور دوران ملازمت تربیتی کورسز نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں جن سے معلومات میں اضافہ ہوتا ہے اور بہت سی ایسی باتیں سیکھنے کا موقع ملتا ہے کہ جو فرد کی اپنی اور مجموعی طور پر پورے ادارے کی کارکردگی میں نکھار لانے میں سبب بنتی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی سہ پہر کے ایم سی بلڈنگ میں سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ (CIIM) کے تحت منعقدہ تربیتی ورکشاپ کی تقریب تقسیم اسناد سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی نے ورکشاپ کے شرکاء پر زور دیا کہ آپ نہ صرف خود مفید علم حاصل کریں بلکہ اسے ایک دوسرے تک پہنچانے کی کوشش بھی جاری رکھیں،انہوں نے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہاکہ اس قسم کی ورکشاپ باقاعدگی کے ساتھ ہونی چاہئیں تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کو ان سے فائدہ پہنچے اور وہ زیادہ بہتر انداز میں شہر کی خدمت کا فریضہ انجام دے سکیں، بعدازاں ڈپٹی میئر کراچی نے تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرنے والے کے ایم سی ملازمین میں اسناد تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا علی نے کہا کہ اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد عام شہریوں کو ان کے حقوق سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے کیونکہ آئین کے آرٹیکل 19-A ’’فریڈم آف انفارمیشن ‘‘ کے متعلق لوگوں کو بہت کم معلومات ہیں اور اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے مختلف اداروں کے اشتراک سے کام کیا جا رہاہے جس کے مفید نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر ورکشاپ کے شرکاء کے ایم سی ملازمین نے بھی اپنے تاثرات بیان کئے اور اس ورکشاپ کو ایک مفید تجربہ قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :