پاکستان ایک ترقی پسند اور مہمان نواز ملک ہے ہر شہری کو تعلیم ، رہائش ،کاروبار اور ملازمت کے یکساں مواقع دستیاب ہیں‘عائشہ غوث پاشا

ْصوبے کے گروتھ ریٹ میں اضافے کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جا رہا ہے ،دہشت گردی اس وقت تمام عالم اقوام کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے ہم اپنے ساتھی ممالک کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہے ہیں‘صوبائی وزیر خزانہ

جمعرات 16 فروری 2017 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) پاکستان ایک ترقی پسند ،روشن خیال اور مہمان نواز ملک ہے ، یہاں کسی بھی قوم، ملک ،مذہب اورمعاشرت سے تعلق رکھنے والے ا فراد کو بلا امتیاز تعلیم ، رہائش ،کاروبار اور ملازمت کے یکساں مواقع دستیاب ہیں،دہشت گردی اس وقت تمام عالم اقوام کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے ہم اپنے ساتھی ممالک کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہے ہیں، فارن آفیسرز اپنے فرائض کی انجام دہی میں پوری ایمانداری سے کام لیتے ہوئے دُنیا بھر میں وطن ِعزیز کی حقیقی تصویر پیش کریں تاکہ اس منفی پروپیگنڈہ کو ختم کیا جا سکے جو مختلف ممالک کے مابین دو طرفہ تجارتی تعلقات کی راہ میں رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب، 90شاہراہ قائد اعظم میں فارن سروسز اکیڈیمی اسلام آباد کے 25ویں ڈپلومیٹک کورس برائے فارن ڈپلومیٹس میں حصہ لینے والے 24ممالک کے 27زیر تربیت افسران پر مشتمل وفدسے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اُن کے ساتھ صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ ، وزیرِ کھیل و اُمورِ نوجوانان جہانگیر خانزادہ ، ڈائریکٹر جنرل فارن سروسز اکیڈیمی افتخار عزیز، فیکلٹی ممبرز اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے زیرِ تربیت افسران کو بتایا کہ حکومت پنجاب صوبے کو اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بنانے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے جن میں توانائی کے بحران کا خاتمہ، مثالی انفراسٹریکچر کی فراہمی، عالمی منڈیوں کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت یافتہ لیبر فورس کی تیاری، ٹیکسیشن میں سہولیات، انڈسٹری زونز کا قیام اور فول پروف سیکیورٹی شامل ہیں۔

صوبے کے گروتھ ریٹ میں اضافے کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ پارٹنر شپ کے ساتھ ساتھ کمپنیوں کے مابین شراکت داری کی بھی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ای گوورننس کا سہارا لیا جا رہا ہے تا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔

وزیر قانون راناء ثناء اللہ نے فارن آفیسرز کی رہنمائی کے لیے پنجاب کے انتخاب پرفارن سروسز اکیڈیمی کا شکریہ ادا کیا اور اُنھیں دستاویزی فلم کے ذریعے نیشنل ایکشن پلان پر عملدآمد کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جن میں اینٹی ٹیررازم فورس،ڈولفن فورس، پنجاب سیف سٹی پروجیکٹ، پنجاب فارنزک اکیڈیمی کا قیام اور محکمہ پولیس میںقانونی و انتظامی سطح پر متعارف کروائی جانے والی اصلاحات شامل تھیں ۔

سیکرٹری ہوم نے شرکاء کو بتایا کہ ان تمام انتظامات کے نتیجہ میں صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں 79فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل پیش کی جبکہ سیکرٹری پنجاب بورڈ آف انوسٹمٹ اینڈ ٹریڈ نے شرکاء کوصوبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری پنجاب بورڈ آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے فارن سروسز اکیڈیمی کے وفد کو صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سروس ڈیلیوری کو بہتر سے خوب تر بنانے کے لیے ای مانیٹرنگ کے نظام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

زیر تربیت افسران نے پنجاب کی ترقیاتی منصوبہ بندی اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو سراہا گیااور تفصیلی معلومات کی فراہمی پر وزراء اور سیکرٹری صاحبان کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کو یادگاری سوینئرز پیش کی گئیں۔