چیئرمین سینیٹ نے عابد شیر علی کی وزارت دفاع سے فارغ 21 ٹرینی ملازمین کو دوبارہ امتحان دینے کا موقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کے باجود 6 سینیٹرز کا اس حوالے سے توجہ دلائو نوٹس قائمہ کمیٹی دفاع کے سپرد کر دیا

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت ملازمین کوامتحان میں فیل ہونے پرقواعد کے مطابق برطرف کیا گیا ، وزیر مملکت یہ کیسے ممکن ہے کہ بلوچستان کے تمام 18 ملازمین نالائق نکلیں اور امتحان پاس نہ کر سکیں،رضاربانی کے ریمارکس

جمعرات 16 فروری 2017 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء) سینیٹ میں وزیر دفاع کی عدم موجودگی میں و زیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کی جانب سے وزارت دفاع سے فارغ کئے گئے 21 ٹرینی ملازمین کو دوبارہ امتحان دینے کا موقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 6 سینیٹرز کا اس حوالے سے توجہ دلائو نوٹس قائمہ کمیٹی دفاع کے سپرد کر دیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ 21 ٹرینی ملازمین میں سے 3 کا تعلق پنجاب 18 کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ انہیں ٹریننگ کے بعد امتحان میں فیل ہونے پر برطرف کیا گیا جو قواعد کے مطابق ہے ۔ چیئرمین سینٹ نے ریمارکس دئیے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ بلوچستان کے تمام 18 ملازمین نالائق نکلیں اور امتحان پاس نہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی سارے معاملے کا جائزہ لے اور دوبارہ امتحانی عمل کی شفافیت کی بھی نگرانی کرے۔

جمعرات کو بلوچستان کے 21 ملازمین کی برطرفی بارے سینیٹرز جہانزیب جمالدینی ‘ دائود اچکزئی ‘ محمد یوسف ‘ سعید مندوخیل اور شاہی سید نے توجہ دلائو نوٹس پیش کیا۔ توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ یہ سارے بلوچستان سے نہیں ہیں۔ 3 کا تعلق پنجاب سے ہے۔ یہ امتحان میں فیل ہو گئے تھے جس کی وجہ سے نکالا گیا۔ سیکرٹری دفاع نے ایک بار پھر چانس دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک اور امتحان لیا جائے گا اگر پاس کر لیا تو بحال کر دیا جائے گا۔ تمام صوبے پاکستان کے ہیں اور صوبائی ایشو نہیں ہے اگر کوئی فیل ہو جائے تو کیا کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ یہ معاملہ قائمہ کمیٹی دفاع کے حوالے کیا جائے گا۔ کمیٹی جائزہ لے گی۔ …(رانا+ع ع)