نقل مکانی کرنیوالے ہندوئوں کی جائیدادوں سے حاصل منافع سے وزارت مذہبی امور اور متروکہ وقف املاک کے ملازمین کو حج کیلئے بھیجا گیا ہے ، قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی میں انکشاف

چیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے اگلے اجلا س میں نام فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی اقلیتی اراکین کمیٹی کا سندھ ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اقلیتوں کے مقدس مقامات کو نظر انداز کرنے پر تحفظات کا اظہار چاروں صوبوں میں اقلیتوں کی بلا تفریق خدمت نے اور وزیر اعظم کے اقلیتوں کیلئے اعلانات پر عمل درآمد کا مطالبہ

جمعرات 16 فروری 2017 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان سے نقل مکانی کرنے والے ہندوئوں کی جائیدادوں سے حاصل ہونے والے منافع سے وزارت مذہبی امور اور متروکہ وقف املاک کے ملازمین کو حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے بھیجا گیا ہے کمیٹی کے رکن لعل چند ملہی کی جانب سے حج پر بھجوائے جانے والے سرکاری ملازمین کے نام طلب کرنے پر چیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے اگلے اجلا س میں نام فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے اجلاس میں اقلیتی اراکین نے سندھ ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اقلیتوں کے مقدس مقامات کو نظر انداز کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چاروں صوبوں میں اقلیتوں کی بلا تفریق خدمت کرنے اور وزیر اعظم کی جانب سے اقلیتوں کیلئے کئے جانے والے اعلانات پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے کمیٹی کااجلاس چیرمین حافظ عبدالکریم کی سربراہی میں وزارت مذہبی امور کے دفتر میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر مذہبی امور ، چیرمین متروکہ وقف املاک اوردونوں محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے کہاکہ گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان میں موجود اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں انہوںنے کہاکہ پاکستان میں 45لاکھ سے زائد ہندو آباد ہیں اسی طرح سکھ اور عیسائی دیگر اقلیتیں بھی موجود ہیں جن کے مقدس مقامات میں سہولیات فراہم کی جارہی ہیں انہوںنے بتایا کہ متروکہ وقف املاک کے جائیدادوں کی فروخت میں بہت زیادہ گھپلے کئے گئے ہیں اسی طرح سابقہ ادوار میں متروکہ وقف املاک کی زمینوں کو ریوڑیوں کے مول بانٹا گیا انہوںنے بتایاکہ ملک میں نیب اور ایف آئی اے کے ادارے بھی اپنا کام درست طریقے سے سرانجا م نہیں دے رہے ہیں ادارے کے سابقہ چیرمین کے خلاف بہت مشکل سے دو ریفرنسز نیب حکام نے عدالت کو بھیجے ہیں اور حکومت نے سابقہ چیرمین کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے ہیں انہوںنے بتایا کہ ادارے کی زمینوں پر بہت زیادہ قبضے ہیں اور بعض علاقوں میںمتروکہ وقف املاک کی زمینوں پر اپنے قبضوں کو برقرار رکھنے کیلئے تنظیمیں بنائی گئی ہیں انہوں نے کہاکہ ادارے کے اندر کرپٹ اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہونے کی وجہ سے کسی بھی قسم کی انکوائری کو دبا دیا جاتا تھا جس پر ہم نے دیگر اداروں سے افسران کو بلایا اور اب کئی انکوائریوں کی رپورٹس آئی ہیں انہوںنے انکشاف کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سادھو بیلا میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کیلئے 45کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی مگر اس میں بھی کرپشن کی گئی اور صرف 10کروڑ روپے خرچ کئے گئے انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ملاقات کی اور اس کے نوٹس میں بھی یہ معاملہ لایا ہے اور اب اس سلسلے میں موجودہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرونگا انہوںنے کہاکہ ہم چاروں صوبوں میں بلا تفریق اقلیتوں کیلئے کام کرتے ہیں اجلاس میں قومی کمیشن برائے اقلیتوں کے حقوق کے بل پر غور بل کی ایک محرک کی غیر حاضری کی وجہ سے موخر کر دیا گیا اس موقع پر کمیٹی کے رکن لال چند نے کہاکہ سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے بل کے حوالے سے مشکلات کیوں کھڑی جاتی ہیں بل کے جن نقاط پر اعتراضات ہوں اس پر کمیٹی کے اجلاس میں بحث کی جا سکتی ہے اس موقع پر کمیٹی کے رکن رمیشن لعل نے کہاکہ اس وقت ادارے کی توجہ صرف پنجاب میں اقلیتوں کے مذہبی مقامات پر ہے جبکہ سندھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کو نظر انداز کیا جارہا ہے انہوںنے کہاکہ اقلیتوں کی مذہبی رسومات کے موقع پر حکومت کی جانب سے اعلانات تو کئے جاتے ہیں مگرعملی طور پر اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں کمیٹی کے رکن لعل چند ملہی نے کہاکہ سندھ میں ہندوئوں کے اکثریتی علاقوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ ہندووں کی جائیدادوں سے ہونے والی آمدنی سے وزارت اور متروکہ وقف املاک کے ملازمین کو حج پر بھجوایا گیا ہے اس سلسلے میں سب کمیٹی نے ان ملازمین کے نام فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی مگر ہمیں ابھی تک نام فراہم نہیں کئے گئے ہیں جس پر چیرمین صدیق الفاروق نے کہاکہ اگلے اجلاس میں ان تمام سرکاری ملازمین کے نام فراہم کرد ئیے جائیں گے جنہوںنے متروکہ وقف املاک کی جائیدادوں سے ہونے والی آمدنی پر حج کی سعادت حاصل کی ہے اس موقع پر کمیٹی کے رکن علی محمد خان نے تخت بھائی میں بدھ مت مذہب کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

۔۔۔اعجاز خان