دین اوردھرتی کے دشمنوں سے لڑتارہوںگا، علامہ راشد محمود سومرو

سالہ اقتدار میں بلاول اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو ،ماموں میر مرتضیٰ بھٹو کے قاتل گرفتار نہ کراسکے ،سندھیوں کب تک ظلم سہتے رہو گے آئو مل کر اس ظلم وجبر کی دیوار کوگرائیں،جلسہ سے خطاب

جمعرات 16 فروری 2017 20:58

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2017ء) جمعیت علمائے اسلام ف صوبہ سند ھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرونے کہاہے کہ دین اوردھرتی کے دشمنوں سے لڑتارہوںگا ،12سالہ اقتدار میں بلاول اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو ،ماموں میر مرتضیٰ بھٹو کے قاتل گرفتار نہ کراسکے میں نے اپنے والد کے قاتل گرفتار کرائے ہیں ،پھولن دیوی نے سندھ میں لوٹ مار کابازار گرم کررکھا ہے جج کے رمارکس کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ،سندھیوں کب تک ظلم سہتے رہو گے آئو مل کر اس ظلم وجبر کی دیوار کوگرائیں ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈی سی چوک پر کرپشن مٹائو ،سندھ بچائو مہم کے سلسلے میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری ،حافظ میر محمد بنگلانی ،مولانا عبدالجبار رند، عباس بنگلانی ،جے ٹی آئی کے حماد اللہ انصاری ،تاج محمود امروٹی ،موسیٰ مہر ودیگر موجودتھے ،علامہ راشدمحمود سومرو نے کہاکہ پگڑی والے کسی سے ڈرنے والے نہیں جب تک زندہ ہوں دین اوردھرتی کے دشمنوں سے جنگ کرتارہوں گا ،بلاول نے مسجد ومدارس بند کروائے ،شراب خانے جواخانے ،زنا خانے کھلے ہوئے ہیں ،400مدارس پر تالے لگائے گئے ،اسکول میں مسلمان بچیوںکو ناچنا سکھایاجارہاہے کیایہ ہم برداشت کریں ،عدالت نے شراب پر پابندی لگائی کوئی مذہب شراب کی اجازت نہیں دیتا ،ملک میں کروڑوں لوگ شراب پیتے ہیں بڑی تعداد سندھ کی ہے اور سندھ میں یہ کاروبارکرنے والا کوئی اورنہیں زرداری ہے ،پھولن دیوی نے سندھ میں لوٹ مار مچارکھی ہے عدالت کے رمارکس کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ،لاڑکا نہ میں لوگوں کو موئن جودڑو گھمایا جاتاہے لیکن حکمرانوںنے لاڑکانہ ،جیکب آ باد سمیت پوری سندھ کو موئن جو دڑوبنادیاہے ،جیکب آبادکے لاکھوں لوگ زہریلہ پانی پینے پر مجبورہیں جبکہ بلاول ہائوس میں منرل واٹر بھی بیرون ملک سے آتی ہے ،پھولن دیوی سے میری کوئی ذاتی دشمنی نہیں گزشتہ دوسالوںمیں 117ارب کی سندھ میں بے ضابطگیاں کی گئی ہیں ،غریبوں کے حقوق غصب کیے گئے ،بھنگی کی نوکری کے لیے بھی لاکھوں روپے رشوت لی گئی ،یرقان سے یہاں روزلوگ مررہے ہیں اسکول بند اوراسپتالوں میں مریضوںکو سرنج تک نہیں ملتی ،سندھ کی عوام اب بیدار ہوچکی ہے ،انہوںنے کہاکہ سندھیوں یہ ظلم ،ستم ،زیادتیاں کب تک برداشت کرتے رہو گے آئو مل کر اس ظلم وجبر کی دیوار کوگرائیں کیونکہ اب آنے والا دور زوردار وں اور زرداری کانہیں ہے ،انہوں نے کہاکہ پی پی کے 12سالہ دوراقتدارمیں بلاول اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹواورماموں شہید مرتضیٰ بھٹو کے قاتل گرفتار نہ کرواسکے میں نے اپنے والد کے قاتل گرفتارکرائے ہیں ،میرے والد کہتے تھے اگر بھٹو کی شہادت کی تحقیقات کی جائے تو قدموں کے نشان زرداری تک پہنچیں گے،انہوںنے کہاکہ علماء اقتدارمیں آئے تو بشیر قریشی کے قاتل بھی ہم پکڑیں گے ،ظلم کے خلاف مظلوم کی حمایت کرنے کا اسلام حکم دیتاہے ۔