وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائے ‘ملک میں خوف و ہراس پیداکرنے کیلئے ناکام کوششیں کرنے والوں کے عزائم کو خاک میں ملائے

خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپائو کا ملک کی تشویش ناک صورت حال پر اظہار غم و غصے

جمعرات 16 فروری 2017 20:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپائو نے ملک کی موجودہ تشویش ناک صورت حال پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر زورد یا ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائے اور ملک میں خوف و ہراس پیداکرنے کیلئے ناکام کوششیں کرنے والوں کے عزائم کو خاک میں ملائے۔

ا نہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال سے دوبارہ افراتفری کی کوششیں کی جا رہی ہیں جس پر ملک کے عوام اور سیاسی قیادت کو تشویش ہے اس لئے نیشنل ایکشن پلان پرہر طرح کے عمل درآمد کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ کی ضرورت اور وفاقی حکومت کو نان ایشوز سیاست ترک کرنی چاہیے ۔ا نہوں نے ان خیالات کااظہار جمعرات کے روز پی کے 22شبقدر چارسدہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی پارٹی فاٹا کی بہر صورت خیبر پختونخوا میں شمولیت چاہتی ہے اور اس مقصد کیلئے ہر فورم پر آواز اُٹھا ئے گی۔ صوبائی سینئر وزیر نے شبقد ر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے کام کے آغاز کا افتتاح کیا جن میں پشاور روڈ تا باسخا2.6 کلومیٹر کی پختگی اور بحالی شامل ہے جس پر 25.6ملین روپے خرچ ہونگے۔

صوبائی وزیر نے پہلوان کلہ تا فاطمہ خیل 1.5کلومیٹر روڈ کا بھی افتتاح کیا جس پر 13.25ملین روپے خرچ ہونگے اسی طرح انہوں نے دریاب کورونہ تا اخوند ظفر بابا روڈ 3.75کلومیٹر کا افتتاح بھی کیا جس پر 40.2ملین روپے خرچ ہونگے۔ صوبائی وزیر نے شاڑہ روڈ ایم سی ون کا بھی افتتاح کیا جس پر 10 ملین روپے خرچ ہونگے ۔ انہوں نے اخون ظفر باباتا یکہ غونڈ 2.75کلومیٹر روڈ کا بھی افتتا ح کیا جس پر 36.3ملین روپے لاگت آئے گی جس سے ملحقہ 25گائوں کے عوام کو آمدورفت کی سہولت میسر آئے گی۔

سینئر وزیر نے کوڈو کلے تا یکہ غونڈ روڈ ایک کلومیٹرکا بھی افتتاح کیا جس پر 12.3ملین روپے خرچ ہونگے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے علاقائی رہنما اور کارکنو ں کے علاوہ محمد جان گگیانی، بابر علی خان مہمند ، ظفر علی خان تحصیل ناظم اور فیاض خان ایڈووکیٹ بھی موجود تھے مختلف جگہوں پر علاقہ کے عوام نے صوبائی وزیر کا پُر جوش استقبال کر تے ہوئے علاقے کو ترقی دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :