جنوبی وزیرستان ایجنسی ،شکئی میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑی ، درجنوں بچے متاثر، وباء پورے علاقے میں پھیلنے کا خدشہ

محکمہ صحت متحرک، خسرے کی وباء پر قابو پانے کیلئے ٹیمیں روانہ کردی گئیں

جمعرات 16 فروری 2017 20:36

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء) جنوبی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل شکئی میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑی ،جس سے پانچ سالہ فرحداللہ نامی بچہ جان بحق جبکہ درجنوں بچے شدیدمتاثر، خسرے کی وباء پورے علاقے میں پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ علاقے میں محکمہ صحت متحرک، خسرے کی وباء پر قابو پانے کیلئے ٹیمیں روانہ کردی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل شکئی کے علاقہ ماندتہ میں خسرے کی وباء نے پانچ سالہ فرحداللہ والد امداللہ کی جان لے لی ہے جبکہ دیگر درجنوں بچے بری طرح متاثر ہوگئے ہیں خسرے کی اس موضی مرض پر قابو پانے کیلئے ایجنسی سرجن ڈاکٹر جہانزیب داوڑ نے ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔

ایجنسی سرجن کا کہنا ہے کہ اس سے قبل تحصیل توئی خلہ اور تحصیل برمل کے علاقے انگوراڈہ میں بھی خسرے نے سراٹھالیا تھا جس پر بروقت کاروائی کرکے اس پر قابو پالیا گیا تھا اب تحصیل شکئی میں اس موضی مرض نے سر اٹھالیا ہے یہ ایسی وباء ہے جو بڑی آسانی کیساتھ پھیلتی ہے اس لئے آج ہم نے بروقت کاروائی کرکے ٹیمیں روانہ کردی ہیں تاکہ پورے علاقے میں بروقت کاروائی کرکے اس وباء کو روکا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ڈائیریکٹر ہیلتھ اینڈ سروسز فاٹا کی پوری کوشش ہے کہ جنوبی وزیرستان کے دورافتادہ علاقوں میں عوام کی سہولت کیلئے صحت کے شعبے میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔جہاں صحت کی سہولیات میسر نہ ہو وہاں ہماری کوشش ہوتی ہے کہ عوام کو انکی دہلیز پر سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔

متعلقہ عنوان :