گورنر سندھ محمد زبیر کی ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ملاقات

جمعرات 16 فروری 2017 19:55

گورنر سندھ محمد زبیر کی ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں وزیر ریلویز خواجہ سعد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر کی ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ملاقات ہوئی اس ملاقات میں ، قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے لئے پاکستان ریلویز نے ماہرین کی کمیٹی قائم کر دی ہے اور اس سلسلے میں مکمل تعاون کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے شہری ہمارے لئے بہت اہم ہے اور ان کے لئے ہم ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

کراچی کینٹ کے ریلوے اسٹیشن کو اصلی حالت میں بحال کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے بعدکراچی سے لاہور کا سفر 10سے 11گھنٹوں میں طے ہوگا جو کہ عوام کے لئے ایک بہت بڑی سہولت ہوگی۔

(جاری ہے)

ریلوے کی بہتری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پورٹ قاسم سے ساہیوال کول پاور پلانٹ تک کوئلے کی ترسیل سے ریلویز کے ریونیومیںساڑھے 13ارب کا اضافہ ہوگا اور 5ارب روپے منافع ہوگا۔

وزیر ریلویز نے کہا کہ کراچی میں ریلویز ملازمین کی رہائشگاہوں کے لئے 40ملین جاری کردیے گئے ہیں۔اس موقع پرگورنر سندھ محمد زبیرنے کہا کہ وفاقی وزیرریلویز خواجہ سعد رفیق نے دن رات محنت کرکے ریلویز کو اپنے پائوں پر کھڑا کیاجو کہ ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اس ملاقات میں وفاقی وزیر ِتجارت خرم دستگیر بھی شریک ہوئے وزیر تجارت نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے دیوانہ وار کام کرکے ریلوے کانہ صرف اربوں روپے کا خسارہ کم کیا بلکہ کروڑوں عوام کا ریلوے پر اعتماد بھی بحال کیا۔