دیامر بھاشا ڈیم ملک کے لئے بہت اہم منصوبہ ہے، رواں سال کے آخر تک اس پر کام شروع ہو جائے گا،منصوبے سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور 64 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال

جمعرات 16 فروری 2017 17:23

دیامر بھاشا ڈیم ملک کے لئے بہت اہم منصوبہ ہے، رواں سال کے آخر تک اس پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم ملک کے لئے بہت اہم منصوبہ ہے، رواں سال کے آخر تک اس پر کام شروع ہو جائے گا۔ جمعرات کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم سواتی، طلحہ محمود اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اس منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، اب تک 80 ارب روپے سے زائد خرچ کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

منصوبے سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور 64 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کے 3600 میگاواٹ کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور تقریباً 80 فیصد کام ہو چکا ہے اور رواں سال ستمبر تک ان سے پیداوار شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی سے دیامر بھاشا ڈیم کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ واپڈا بھی فنڈز فراہم کرے گا۔