یمنی حوثیوں نے 300 شہریوں کو اغوا کر لیا ،تاوان کا مطالبہ

کہ یرغمال بنائے گئے افراد کا ضلع رمید کے دو دیہات دبیح اور المیدان سے ہے

جمعرات 16 فروری 2017 14:28

یمنی حوثیوں نے 300 شہریوں کو اغوا کر لیا ،تاوان کا مطالبہ
صنعا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) یمن کی اِب گورنری میں حوثی باغیوں نے بڑوں اور بچوں سمیت کم سے کم تین سو عام شہریوں کو اغوا کر لیا ہے اور وہ ان کی رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ کررہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ یرغمال بنائے گئے افراد کا ضلع رمید کے دو دیہات دبیح اور المیدان سے ہے۔ انھیں حوثی ملیشیا کے ایک کمانڈر ابو عبدالرحمان العلوی کی اسی ضلع میں گذشتہ جمعے کو ہلاکت کے ردعمل میں اغوا کیا گیا ہے۔

حوثی ملیشیا کا کمانڈر نامعلوم مسلح افراد کے ساتھ جھڑپ میں مارا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کے جنگجوؤں نے اس علاقے میں متعدد مکانوں کو نذر آتش کردیا ہے۔حوثی جنگجوؤں نے ان دونوں دیہات میں گھروں پر دھاوا بول کر مکینوں کو باہر نکال دیا تھا اور پھر ان میں سے مردوں کو زبردستی اپنے ساتھ کسی نامعلوم مقام کی جانب لے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ ان دونوں دیہات کے مکین مسلح نہیں تھے اور وہ حوثی کمانڈر کی ہلاکت کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے۔حوثیوں نے متعدد مکانوں میں لوٹ مار کی ہے اور ایک گاؤں کا محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے اور انھوں نے اس کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی بند کررکھا ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ حوثیوں نے بعض ماؤں سے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی رہائی کے لیے انھیں سونا اور سونے کے زیورات دیں اور ایک خاتون نے اپنے کم سن بچے کی رہائی کے لیے اپنا تمام سونا حوثی جنگجوؤں کے حوالے کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :