پی آئی اے کی ایئربس بولی کے بغیر3کروڑروپے میں جرمن کمپنی کو فروخت کردی گئی-چیئرمین سینٹ نے تحقیقات کا حکم دیدیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 فروری 2017 12:38

پی آئی اے کی ایئربس بولی کے بغیر3کروڑروپے میں جرمن کمپنی کو فروخت کردی ..
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 فروری۔2017ء) قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کی ایئربس 310 اے بولی کے بغیر جرمن فرم کو3 کروڑ روپے میں فروخت کر نے پر سینٹ کی خصوصی کمیٹی تحقیقات کرے گی۔ چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا اگر پی آئی اے کے پاس اور جہاز کھڑے ہیں تو سینٹ انہیں رعایتی نرخوں پر خریدنے کو تیار ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے توجہ دلاﺅ نوٹس پر بحث کے دوران کہا کہ پی آئی اے کا عملہ جہاز کو جرمنی چھوڑ کر بھی آیا۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایاپی آئی اے نے 1993 میں خریدے گئے 4 جہاز فروخت کرنے کا اشتہار دیا ، مگر کسی نے خریداری میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔البتہ یہ جہازجرمن فرم کو فروخت کر دیا گیا یا نہیں ، ابھی تک واضح نہیں۔

(جاری ہے)

معاملے کی تحقیقات چل رہی ہیں ، رپورٹ 7 دن میں آ جائے گی جو سینٹ میں پیش کردی جائے گی ۔انہوں نے کہا اطلاع ہے کہ جرمن فرم یہ جہاز خرید کر جرمنی کے ایک میوزیم میں رکھنا چاہتی تھی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا یہ جہاز ہٹلر کا تھا کہ جرمنی کو اس میں اتنی دلچسپی تھی۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا اطلاعات ہیں کہ اس جہاز کی فروخت میں بڑی گڑ بڑ ہوئی ہے۔ سینیٹرز نے کہا ایسا ایک جہاز پی آئی اے سینیٹ کو بھی دے دے۔چیئرمین سینٹ نے کہا اگر پی آئی اے کا کوئی اور جہاز کھڑا ہے تو اسے سینیٹ خرید لیتی ہے، یقیناً خصوصی ڈسکاﺅنٹ بھی ملے گا، اس پر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔چیئرمین سینیٹ نے معاملہ سینٹ کی خصوصی کمیٹی برائے پی آئی اے کے سپرد کر دیا۔

متعلقہ عنوان :