کمانڈر امریکی نیول فورسز سنٹرل کمانڈ وائس ایڈمرل کیون ایم ڈونیگان کا نیول ہیڈکوارٹر کا دورہ،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم ذکاء اللہ سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

بدھ 15 فروری 2017 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) کمانڈر امریکی نیول فورسز سنٹرل کمانڈ وائس ایڈمرل کیون ایم ڈونیگان نے بدھ کو نیول ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم ذکاء اللہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان بحریہ کی پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین تعاون اور بحرہند ریجن میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم ذکاء اللہ نے مشق امن 17 میں امریکی بحریہ کی شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی کمانڈر نے کراچی میں 37 ممالک کی بحری جہازوں کی کثیر القومی مشق امن 17 کے کامیاب انعقاد کی تعریف کی۔ ان مشقوں میں بحری جہازوں کے علاوہ ایئرکرافٹس، ہیلی کاپٹرز، سپیشل آپریشنز فورسز، میرین ٹیموں اور آبزرورز نے بھی حصہ لیا۔ انہوں نے پاکستان نیوی کی پروفیشنل صلاحیتوں کی تعریف کی اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کیلئے پاکستان نیوی کے موثر کردار کو سراہا۔