حکومت سندھ چاہتی ہے کہ لوگوں کو سہولیات ان کے دروازوں پر فراہم ہوں، عبد السلام تھیم

بدھ 15 فروری 2017 22:50

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) حکومت سندھ چاہتی ہے کہ لوگوں کو سہولیات ان کے دروازوں پر فراہم ہوں تاکہ لوگوں کو کسی قسم کے تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور چیئرمین اسٹیوٹا سندھ انجینئر شاہد عبدالسلام تھیم نے لاڑکانہ میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور اس میں معیار کا بھی خاص خیال رکھا جائے اس سلسلے میں غفلت کرنے والے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف علی ٹیپو نے انہیں لاڑکانہ میں جاری ترقیاتی کاموں کے متعلق بریفنگ دی اور کاموں کا معائنہ بھی کروایا جن میں بیگم نصرت بھٹو گرلس کالج، لاہوری محلہ میں نئی تعمیر ہونے والی برج اور شہر کے اندر جاری روڈوں کے کام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معاون خصوصی کی جانب سے پودے بھی لگائے گئے جس کے بعد انہوں نے ٹیچنگ اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہیں نے میڈیکل سپریڈنٹ چانڈکا اسپتال نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے صحت بھی دریافت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ اسپتالوں میں مریضوں کا خاص خیال رکھ کر انہیں مفت ادویات دی جائیں۔

متعلقہ عنوان :