حکومت دہشت گردی کی روک تھام کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے

انسانیت کے دشمن سزا سے بچ نہیں سکیں گے، ملک ظاہر خان کاکڑ

بدھ 15 فروری 2017 22:21

کوئٹہ۔15فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء)وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سیکریٹری ملک ظاہر خان کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کی روک تھام کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے۔ انسانیت کے دشمن سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وہاب اٹل اور شاکر محمد حسنی بھی موجود تھے۔

ملک ظاہر خان کاکڑنے کہا کہ حالیہ لاہور اور کوئٹہ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانا بزدلی کی انتہا ہے۔ کسی بھی صورت میں انسانیت کے دشمنوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ حکومت دہشت گردی کی روک تھام کے لئے اہم اقدامات اٹھارہی ہے اور دہشت گردوں کا ہر جگہ تعاقب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بے قصور انسانوں کی شہادت سے کسی کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی طرح انسان دشمن قوتوں کو کامیاب نہ ہونے دیں۔ امن وامان موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی طرح امن وامان کے معاملات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے خاندانوں کے لئے صبر کی دعا کی۔