گرین پاکستان پروگرام 2017ء کو عملی جامہ پہنانے کے لئے صوبے بھر میں جنگلات کو بڑھانے، ماحول کو سرسبز وشاداب بنانے کے لئے بھرپوراقدامات اٹھائے جارہے ہیں،صوبائی سیکریٹری جنگلات وجنگلی حیات نصیراحمد کاشانی

بدھ 15 فروری 2017 22:21

کوئٹہ۔15فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) صوبائی سیکریٹری جنگلات وجنگلی حیات نصیراحمد کاشانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں گرین پاکستان پروگرام 2017ء کو عملی جامہ پہنانے کے لئے صوبے بھر میں جنگلات کو بڑھانے، ماحول کو سرسبز وشاداب بنانے کے لئے بھرپوراقدامات اٹھائے جارہے ہیں کیونکہ جنگلات وجنگلی حیات کا تحفظ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز میڈیا کے نمائندوں کو گرین پاکستان پروگرام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام جنوری 2016ء وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی میں وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی ہدایت پر پیش کیا جبکہ اس کی منظوری پی ڈی ڈبلیو پی نے ستمبر 2016ء کو دی جبکہ ایکنک نے بلوچستان کے لئے اس پروگرام کو وسعت دینے کی منظوری جنوری 2017ء کو دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس پروگرام کی لاگت 4ارب روپے ہے جس میں سے دو ارب صوبائی حکومت دے گی اور اس پروگرام کو 2021ء تک مختلف مراحل میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی سیکریٹری نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اس سال 16لاکھ نئے پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔لاکھوں نئے پودے لگانے اور پرانے جنگلات کو محفوظ بنانے سے مجموعی طور پر موسمیاتی تبدیلی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور جنگلی حیات ونباتات کے تحفظ اور افزائش نسل کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں مقامی سطح پر لکڑی کی پیداوار میں اضافہ سے قدرتی جنگلات وجنگلی حیات کا بچاؤ ممکن ہوسکے گا۔ اس کے علاوہ شجر کاری مہم کے تحت لگائے گئے نئے پودوں کی دیکھ بھال اور نشوونما کے لئے بھی مناسب اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :