زمینداروں کے مسائل حل کرنا ہمارا وژن ہے ،ضلع زیارت کے زمینداروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت وتوسیعی زیارت امان اللہ ترین

بدھ 15 فروری 2017 22:21

کوئٹہ۔15فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) محکمہ زراعت کے زیر اہتمام زیارت شہر کے فارم ہاوس میں فیلڈ ڈے کا انعقاد کیا گیا ،فیلڈ ڈے میں زرعی آفیسران ،فیلڈ اسسٹنٹ اورکثیر تعداد میں زمینداروں نے شرکت کی، فیلڈ ڈے میں زمینداروں کو باغات میں گوبر کھاد کے استعمال ،شاختراشی اور پانی کے صیحح استعمال کے بارے میں معلومات دی گئی ۔

فیلڈ ڈے سے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت وتوسیعی زیارت امان اللہ ترین ڈائر یکٹر زرعی انجینئرنگ نصراللہ شاہ،ڈپٹی ڈائر یکٹر واٹر مینجمنٹ زیارت ظفراللہ پانیزئی،محمد صابر کاکڑ ،امیر محمدکاکڑ ،نثار احمد پانیزئی اور شاہجہاں دمڑ نے خطاب کیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمینداروں کے مسائل حل کرنا ہمارا وژن ہے ،ضلع زیارت کے زمینداروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع زیارت کے عوام کا گزر بسر زراعت سے وابستہ ہے ،زراعت کی ترقی کے لیے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں ،زمینداروں کے مسائل سے باخبر ہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے زمینداروں کو کم پانی پر اگنے والی فصلات لگانا چاہئیں ۔اس وقت گرین پاکستان پروگرام کے تحت شجرکاری مہم جاری ہے اس مہم میں زمینداروں کا فرض ہے کہ وہ چیریز ،سیب ،آڑوکے نئے قسم کے درخت لگائیں ، اور ان کی آبیاری بھی کریں ۔

انہوںنے کہا کہ زمیندار مٹر کی نئی بیج جوکہ محکمہ زراعت کی سفارش کردہ ہو کو کاشت کریں ۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ ڈے کے دور رس نتائج برآمدہوں گے،زیارت اور سنجاوی کے زمینداروں کو زراعت کے حوالے سے تمام مشکلات کو دور کریں گے ۔زمینداروں کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور بلوچستان حکومت کاشتکاروں کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہے،محکمہ زراعت کے اہلکار اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے ادا کریں اور زراعت کی ترقی کے لیے کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے اہلکار اپنی ڈیوٹیوں کو پابند ی سے اد ا کریں اور زمینداروں کے مسا ئل کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔