سپورٹس بورڈ کے زیرِ اہتمام پہلی وویمن ہاکی لیگ اختتام پزیر

پنجاب فرسٹ وویمن ہاکی لیگ قومی کھیل کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہو گی،صوبائی وزیرِ کھیل

بدھ 15 فروری 2017 23:58

لاہور۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے پہلی پنجاب وویمن ہاکی لیگ کے چھٹے روز فائنل رائونڈ کے اختتام پر لاہور لائنز کی کوئٹہ پنتھرز پر02 گولز سے برتری پر جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ میں ہار جیت سے زیادہ اہم خواتین کھلاڑیوں کا قومی کھیل کے فروغ کے لیے یہاں اکٹھا ہونا ہے جو اُن سب کی مشترکہ کامیابی ہے جس کے لیے حکومت پنجاب اُن کی شکر گزار ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین کی دیگر شعبہ ہائے زندگی سمیت کھیلوں کے میدان میں بھر پور نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پنجاب اور پنجاب سپورٹس بورڈ ٹھوس عملی اقدامات اُٹھا رہا ہے۔ بچیوں کو اپنے شوق اور استعداد کے مطابق جسمانی سرگرمیوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے سکولوں میں پلے گرائونڈز کو اًپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور اُنھیں عدم دستیاب سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سطح پر کھیلی جانے والی کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی کھیلوں کی ترقی کے لیے بھی ساز گار ماحول مہیا کیا جا رہا ہے تاکہ سکولوں کے طالبعلم سمارٹ فونز اور انٹرنیٹ کی دُنیا سے باہر نکل کُھلے میدانوں میں آئیں اور صحتمندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ کا لجوں اور یونیورسٹیوں میں سٹوڈنٹس کی سہولت کے مطابق دن اور رات کے اوقات میں پریکٹس کی سہولت کے لیے بڑے میدانوں میں فلڈ لائٹس کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔

کرکٹ کے جنون کی تقویت کے لیے پلے گرائونڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ سال 2017 میں بہت سے ایسے پروگرام ترتیب دئیے جا رہے ہیں جن میں جن میں مختلف جسمانی مہارتیں رکھنے والے کھیلاڑیوںکو اپنی شناخت بنانے کا موقع ملے گا۔ پنجاب میں فرسٹ وویمن ہاکی لیگ قومی کھیل کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہو گی۔ وزیر کھیل نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے خواتین کھیلاڑیوں کو تاکید کی کہ وہ اپنی پریکٹس جاری رکھیں اور اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہترین بنائیں کیونکہ حکومتِ پنجاب نہ صرف ایسے مقابلے جاری رکھے گی بلکہ اُنھیں بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔

صوبائی وزیر نے سپورٹس بورڈ پنجاب اور ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو بھی پہلی ہاکی لیگ کے کامیاب انعقاد اور شاندار اختتام پر مبارکباد پیش کی۔ آخر میں جہانگیر خانزادہ نے پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو ٹرافیز دیںاور لاہور لائنز کو پہلی، کوئٹہ پینتھز کو دوسری او ر کراچی ڈولفنز کو تیسری پوزیشنز پر گولڈ سلور اور برونز میڈلز پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :