پشاوراورلاہور خود کش حملے کے بعد کوہاٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

بدھ 15 فروری 2017 23:47

پشاوراورلاہور خود کش حملے کے بعد کوہاٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء)پشاوراورلاہور خود کش حملے کے بعد کوہاٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔حساس مقامات ،سرکاری و نیم سرکاری اداروںاور پبلک مقامات میں غیرمعمولی حفاظتی اقدامات یقینی بناتے ہوئے چیکنگ کا سلسلہ مزید بڑھا دیا گیا ہے اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کو اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پرایس پی ایلیٹ فورس میجر(ر)راحت خان ، ایڈیشنل ایس پی آپریشنز طارق محمود اور ڈی ایس پی ایلیٹ فورس عرفان خان نے بدھ کے روز پولیس تھانہ چھائونی،سٹی اور تھانہ جنگل خیل کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تھانوں کی بیرونی اور اندرونی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر تھانوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی سفارش کردی ہے۔

(جاری ہے)

حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے والی ٹیم نے پولیس تھانوں میں نفری بڑھانے،سی سی ٹی وی کیمروں میں اضافہ کرنے اور تھانوں کی چار دیواریوں پر خار دار تار لگانے کے علاوہ واچ ٹاوروں کی تعداد بڑھانے اور سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو جدید اسلحہ اور بم و بارود کا پتہ لگانے والی ڈیٹکٹر مشین سے لیس کرنے کے اقدامات پر زور دیا ہے جبکہ دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کی انسداد کیلئے تھانوں کے گرد سفید کپڑوں میں ملبوس خفیہ اداروں کے اہلکاروں کو مشکوک افراد کی کڑی نگرانی اور چوبیس گھنٹے پولیس گشت یقینی بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں چھائونی،شہر اور مضافات کے علاقوں میں واقع سرکاری و نیم سرکاری اور غیر سرکاری اداروں،ٹرانسپورٹ اڈو،مویشی و سبزی منڈیوں،بازاروںاور دیگر پبلک مقامات سمیت تعلیمی اداروں اور اہم تنصیبات پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہر کی طرف آنے جانے والی شاہراہوں پر چیکنگ کا سلسلہ مزید بڑھا دیا گیا ہے اور کسی کو بھی بغیر تلاشی ضلع کی حدود میں داخل ہونے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں خواتین کی خریداری سنٹروں،بازاروں اور شاپنگ پلازوں میں چیکنگ کے عمل کو مئوثر بنانے کی خاطر خواتین پولیس اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔اسی طرح بم و بارود کا پتہ لگانے اور مشکوک گاڑیوں و سامان کی تلاشی کیلئے بم ڈسپوذل سکواڈ اور کھوجی کتوں کی K.9یونٹ کو رش والی جگہوںاور حساس مقامات کی سویپنگ پرمتعین کیا گیا ہے جو دن بھر اپنے فرائض سے نبردآزما ہونے کے عوامل میں مصروف عمل رہتے ہیں۔

مزید برآں ڈی پی اوکوہاٹ کی طرف سے شہر میں واقع ہوٹلوںو سرایوں،رہائشی پلازوں اور مسافر خانوں کے منتظمین کو سیکیورٹی عوامل میں پولیس انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دینے کیلئے کسی بھی اجنبی شخص کو ٹھکانہ فراہم نہ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے اور انہیں مطلوبہ معیار کے حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔